لکھنؤ میں اتحاد کی دوڑ ،گورنر اور چیف منسٹر کی شرکت

لکھنؤ۔ 31 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کارکن طلبہ کے ساتھ ’’اتحاد کی دوڑ‘‘ میں آج شامل ہوگئے۔ لکھنؤ کی شہری شاخ بی جے پی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کارکن شہر کے مختلف علاقوں سے دوڑ میں شرکت کیلئے آئے تھے اور پٹیل مجسمہ کے روبرو جمع ہوئے تھے تاکہ سردار پٹیل کو خراج عقیدت پیش کریں۔ جو سب سے پہلے آزاد ہند کے وزیر داخلہ بنے تھے۔ ان کی 143 ویں یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ یوپی کے گورنر رام نائیک اور چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے حاضرین سے خطاب کیا۔ بعدازاں جھنڈی دکھاکر ’’اتحاد کیلئے دوڑ‘‘ کا افتتاح کیا۔ صدر بی جے پی مہیندر ناتھ پانڈے نے اجگرا اسمبلی میں تقاریب میں شرکت کی۔ یہ وارناسی اسمبلی حلقہ کا ایک حصہ ہے اور چنڈول پارلیمانی حلقہ میں شامل ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر کیشو پرساد موریا پریاگ راج میں ہیں اور دوسرے ڈپٹی چیف منسٹر دنیش شرما تقریب میں شرکت کیلئے وارناسی گئے ہوئے ہیں۔ حاضرین میں بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی اور عہدیداروں نے شرکت کی۔

ہندوستان اور چین کی سرحد پر ملاقات
نئی دہلی۔31 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام)باہمی اعتماد میں اضافہ کرنے اور سرحدوں پر امن و خیرسگالی کو فروغ دینے کیلئے ہندوستان اور چین کی افواج نے گومٹا ڈرہ کے پاس تاوانگ میں اجلاس منعقد کیا۔ ہندوستانی فوج نے آج اس کا انکشاف کیا۔ سرحد پر اجلاس مستقل طور پر منعقد کیا جاتا ہے اور دونوں ممالک کے افواج مشترکہ فوجی مشق میں حصہ لیتے ہیں تاکہ ایک دوسرے کے ساتھ تبادلہ خیال کیا جاسکے اور کسی بھی قسم کی کشیدگی کا ازالہ ہوسکے۔ خاص طور پر جبکہ سرحد کی صورتحال ڈرامائی ہو۔دونوں ممالک کی افواج 73 روزہ صف آرائی کے بعد گزشتہ سال کشیدگی دور کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔