لکڑ کوٹ میں نوجوان پر قاتلانہ حملہ

حیدرآباد 4 ستمبر (سیاست نیوز)پرانے شہر کے علاقہ میں چوک حدود میں ایک نوجوان پر قاتلانہ حملہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ لکڑ کوٹ کے علاقہ صبح کے اولین اوقات میں نقاب پوش نا معلوم اشرار نے 30 سالہ نوید احمد پر مہلک ہتھیارسے حملہ کردیا۔ نوید پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ اپنے کمسن بچہ کو اسکول چھوڑ کر مکان واپس ہوا تھا کہ مکان کے قریب یہ قاتلانہ حملہ کیا گیا جس میں وہ شدید زخمی ہوگیا جس کا علاج ایک خانگی ہاسپٹل میں جاری ہے۔ پولیس اور زخمی نوید کے خاندانی ذرائع نے بتایا کہ نوید اب خطرے سے باہر ہے ۔ نوید احمد ایک کال سنٹر ملازم ہے ۔ جو لکڑ کوٹ علاقہ کے ساکن سلیم احمد کا بیٹا ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق نوید پر قاتلانہ حملہ پر انی خصومت کے تحت کیا گیا اور اس پر حملہ کرنے والے پولیس کی نظر میں ہیں۔ نوید احمد کا چند روز قبل کسی سے جھگڑا ہوا تھا تاہم انسپکٹر میر چوک مسٹر وائی یادگیری ریڈی نے بتایا کہ نوید پر تین نا معلوم افراد نے حملہ کیا جن میں ایک مجاز نامی شخص بھی شامل ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق رات دیر گئے پولیس میر چوک نے تین افراد کو حراست میں لے لیا تاہم اس کی توثیق نہیں ہوئی ۔