عادل آباد۔ 6 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی خانہ پور کڈم منڈل کے لکشمی پور موضع کے گھنے جنگلات میں ایک چیتا گشت کرتا ہوا سی سی کیمروں میں قید کرلیا گیا جبکہ قبل ازیں Nenneda منڈل کے گھنے جنگلات میں بھی فاریسٹ کی جانب سے نصب کردہ سی سی کیمرے میں ایک شیر کی نشاندہی کی گئی۔ فاریسٹ عہدیداروں کی اطلاع کے مطابق پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے چندر پور ضلع کے Tadoba جنگل سے شیر اور چیتا ضلع عادل آباد کے ٹائیگر زون میں داخل ہورہے ہیں۔ یہ گھنے جنگلات ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔ ٹائیگر زون میں جانوروں کی حفاظت کی خاطر برقی تاروں کا احاطہ ایک سمت کیا گیا جبکہ دیگر دو سمت چنور، کرشنا پلی کی سمت کرنا ابھی باقی ہے۔ چیتا اور شیر کا شکار کرنے والے افراد اکثر ان گھنے جنگلات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ شیر کا چمڑا 25 لاکھ روپئے، چیتے کا چمڑا 12 لاکھ روپئے میں فروخت کیا جاتا ہے۔ جبکہ ان جانوروں کے ناخن، دانت اور موچھ کی بھی انٹرنیشنل مارکٹ میں خاطر خواہ اہمیت ہے۔ گزشتہ تین ماہ سے شیر اور چیتا کے گشت کرنے کی اطلاعات موصول ہورہی تھیں۔ 31 جنوری کو شیر کا شکار کرنے کی غرض سے داخل ہونے والے افراد جو بیل بنڈی پر سوار تھے ، برقی تار لگنے سے دونوں بیل موقع واردات پر ہی فوت ہوگئے۔