l عامل کی خاتون سے دست درازی
l سسرال والوں نے کالا جادو کیلئے بال کاٹ دیئے
l لڑکی کی پیدائش پر خاتون کو شدید ہراسانی
حیدرآباد۔/29اگسٹ، ( سیاست نیوز) چارمینار پولیس نے پرانے شہر کے ایک عامل اور دو سسرالی رشتہ داروں کو گرفتار کرلیا جنہوں نے خاتون کو لڑکی پیدا ہونے پر شوہر سے طلاق کرادی۔ 19سالہ حبیبہ فاطمہ کی شادی مغلپورہ کے ساکن محمد منصور عرف سیف (ملازم ابوظہبی) سے ہوئی تھی ۔ شادی کے وقت بطور جہیز طلائی زیورات، چاندی، 5 لاکھ جوڑے گھوڑے کی رقم اور دیگر اشیاء دی گئی تھی۔جب لڑکی حاملہ ہوئی اس کے کچھ دن بعد شوہر ابوظہبی واپس لوٹ گیا۔ لڑکے کی خواہش رکھنے والے سسرالی رشتہ داروں نے حبیبہ فاطمہ کو اکٹوبر سال 2016 میں مغلپورہ کے عامل شیخ عبدالرحیم عرف بھائی میاں کے پاس لے گئے جہاں عامل نے مبینہ طور پر خاتون سے دست درازی کرتے ہوئے تیل حوالے کیا اور لڑکا پیدا ہونے کیلئے اسے پیٹ پر مالش کی ہدایت دی۔ اس نے 20 ہزار روپئے بھی حاصل کرلئے۔ 31 اکٹوبر 2016 ء کو حبیبہ فاطمہ شوہر کے پاس ابو ظہبی چلی گئی اور عامل کی دست درازی اور سسرالی رشتہ داروں کے رویہ کے بارے میں بتایا لیکن شوہر نے بیوی کی بات کو نظرانداز کرتے ہوئے جنوری میں اسے حیدرآباد بھیج دیا۔ اس کے بعد فبروری تا اپریل حبیبہ فاطمہ کو چار مرتبہ عامل کے پاس لیجایا گیا اور اُس نے تیل مالش کرنے کا مشورہ دیا۔ حبیبہ کی نند وسیمہ عرف صبا ء نے لڑکی کے بال کاٹ کر عامل کے حوالے کئے اور کالا جادو کے ذریعہ لڑکے کی پیدائش یقینی بنانے کیلئے کہا۔ لیکن جاریہ سال مئی میں حبیبہ فاطمہ کو لڑکی پیدا ہوئی اور اس پر برہم ساس ثمینہ سلطانہ، خسر محمد صادق (سرکاری ملازم) ، نند صبا، زیبا اور شیبا نے ہراساں کرنا شروع کردیا اور اسے مزید 10 لاکھ روپئے جوڑے گھوڑے کی رقم لانے کو کہا۔ حبیبہ کے سسرالی رشتہ داروں نے اس کے والدین کو بتایا کہ عامل کی جانب سے دیئے گئے تیل کو پیٹ پر نہ ملنے کے نتیجہ میں لڑکی پیدا ہوئی۔ اسی دوران شوہر نے ایڈوکیٹ یاسمین سلطانہ سابق کارپوریٹر کے ذریعہ طلاق بائین دیتے ہوئے اسے نوٹس روانہ کی۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا نے کہاکہ عامل بھائی میاں، ساس اور خسر کو دھوکہ دہی، دست درازی، دھمکانے اور کالا جادو ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا گیا جبکہ شوہر کے خلاف لک آؤٹ نوٹس جاری کی اور اسے گرفتار کیا جائے گا۔