حیدرآباد۔4 ڈسمبر (سیاست نیوز) رشتہ کی بہن کو فیس بک کے ذریعہ پریشان کرنے والے ایک نوجوان کو سائبرآباد کی سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا۔ انسپکٹر سائبر کرائم مسٹر محمد ریاض الدین نے آج اس سلسلہ میں بتایا کہ 22 سالہ وی وینو ساکن ماروتی نگر کتہ پیٹ جو پیشے سے گرافک ڈیزائنر ہے، خاندانی مخاصمت کے سبب اپنی ایک رشتہ کی بہن کے نام سے فرضی فیس بک اکائونٹ بنایا جس میں اس نے لڑکی کے نیم برہنہ تصاویر اپلوڈ کیئے اور ان تصاویر کو اپنے دوست احباب و رشتہ داروں کو شیر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم وینو نے درخواست گزار لڑکی کی تصاویر سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے اسے ذہنی اذیت دینے خاندانی رقابت کے نتیجہ میں اس نے یہ حرکت کی۔ سائبر کرائم پولیس نے وینو کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضے سے کمپیوٹر اور موبائل فون برآمد کرلیا جس کے ذریعہ نقلی فیس بک اکائونٹ بنایا گیا تھا۔