لڑکی کی تصویر سے چھیڑ چھاڑ و سوشیل میڈیا پر پیش کرنے کی دھمکی کا شاخسانہ

والد سے پانچ کروڑ کا مطالبہ، تین افراد گرفتار، سی سی ایس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔/18 اگسٹ، ( سیاست نیوز) لڑکی کی تصویر سے چھیڑ چھاڑ اور سوشیل میڈیا پر پیش کرنے کی دھمکی دینے والے تین افراد کو سی سی ایس پولیس نے گرفتار کرلیا۔ لڑکی کی عریاں تصویر کو اس کے والد کے فون پر روانہ کرتے ہوئے یہ تین گرفتار بدقماش 5 کروڑ کا مطالبہ کررہے تھے ۔ اور رقم نہ دینے کی صورت میں ان کے خاندان کو ختم کرنے کی دھمکیاں دے رہے تھے کہ ڈپٹی کمشنر پولیس سی سی ایس مسٹر اویناش موہنتی نے بتایا کہ حمایت نگر علاقہ کے ساکن ایک شخص کی شکایت پر فوری حرکت میں آتے ہوئے پولیس کی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی اور ان تین افراد کو ایک آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ 25 سالہ مانیکا وینت ساکن نظام آباد، 25 سالہ وگو گنیش ساکن منچریال اور 27سالہ گولہ پلی مہیش کریم نگر کو گرفتار کرلیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 9 اگسٹ کو فون پر شکایت گذار کو دھمکایا گیا اور بذریعہ واٹس ایپ چند تصاویر روانہ کی تھی۔ اس شکایت گذار کی لڑکی کی تصاویر سے چھیڑ چھاڑ کیا گیا اور اس کی تصاویر کو عریاں بنایا گیا اور اس بات کی دھمکی بھی دی گئی کہ اگر 5 کروڑ روپئے نہیں دیئے گئے تو ان تصاویر کو سوشیل میڈیا پر لوڈ کرتے ہوئے اسے عام کردیا جائے گا اور سارے خاندان کو ہلاک کردیا جائے گا۔ پولیس کے مطابق لڑکی اور ونیت سال 2015 میں ایونیٹ اکیڈیمی میں ایک ساتھ پڑھتے تھے۔ اس وقت ان کی دوستی تھی اور ونیت لڑکی کے طرز زندگی کو دیکھ کر اس کی دولت کا لالچی بن گیا اور اس نے دیگر دو بدقماش ویڈیو گرافرس کو اپنی سازش کا حصہ بنالیا۔ انہوں نے فیس بک کے ذریعہ لڑکی کی تصاویر حاصل کی۔ سی سی ایس پولیس کی خفیہ ٹیم نے رقم دینے کے بہانے لڑکی کے باپ کے ذریعہ ان بدقماشوں کو طلب کیا اور انہیں دبوچ لیا گیا۔