لڑکی کو قابل اعتراض میسجس اور دھمکیاں ، طالب علم گرفتار

حیدرآباد ۔ 25۔ مئی (سیاست نیوز) سی سی ایس پولیس کی شی ٹیم اور سائبر کرائم کی ایک مشترکہ کارروائی میں لڑکی کو قابل اعتراض اور دھمکی آمیز میسیجس بھیجنے والے انٹرمیڈیٹ طالب علم کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 22 سالہ محمد سمیر ساکن مغل ریسیڈنسی ٹولی چوکی ایک لڑ کی کو آئے دن فون کے ذریعہ دھمکیاں دیا کرتا تھا اور واٹس اپ پر بھی قابل اعتراض میسیجس روانہ کر رہا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ محمد سمیر نے ایک لڑکی سے دوستی کی اور اسے چیاٹنگ کے ذریعہ دوستی بڑھاتے ہوئے شادی کی پیشکش کی لیکن سمیر کے رویہ پر شبہ کرتے ہوئے لڑکی نے انکار کردیا تھا۔ سمیر مبینہ طور پر اکثر فیس بک ، واٹس اپ اور ایس ایم ایس کے ذریعہ میسیجس روانہ کر رہا تھا اور اس نے دھمکی آمیز پیامات بھی بھیج رہا تھا۔ مسلسل ہراسانی سے عاجز آکر لڑکی کے والد نے سی سی ایس کی شی ٹیم سے ایک شکایت درج کروائی جس کے نتیجہ میں پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے نوجوان کو گرفتار کرلیا ۔