حیدرآباد۔/21ستمبر ، ( پی ٹی آئی) انجینئرنگ کے ایک 19سالہ طالب علم کو اپنی ساتھی ہم جماعت لڑکی کو مبینہ طور پر فیس بک پر ہراساں کرنے کے الزام کے تحت آج گرفتار کرلیا گیا۔ اس لڑکی کی شکایت پر بی ٹیک سال دوم کے طالب علم سائی رام کمار کو گرفتار کیا گیا جو فیس بک کے فرضی اکاؤنٹس قائم کرتے ہوئے شکایت گذار لڑکی کو فحش پیامات بھیجا کرتا تھا اور اس لڑکی کو برہنہ تصاویر بھیجنے کیلئے مجبور کررہا تھا۔ اس نے یہ دھمکی بھی دی تھی کہ اصل برہنہ تصویریں روانہ نہ کرنے کی صورت میں وہ اس ( لڑکی ) کے فرضی فحش تصاویر اور ویڈیو کلپس فیس بک پر پوسٹ کرے گا۔ سائی رام کمار نے لڑکی کی فرضی برہنہ تصاویر اس کے والدین، دوستوں اور ارکان خاندان کو بھیجنے کی دھمکی بھی دی تھی۔ ملزم کو میر پیٹ سے گرفتار کرلیا گیا جس نے مختلف لڑکیوں کے نام سے فیس بک پر 10 فرضی اکاؤنٹس کھولتے ہوئے اس قسم کے میاسیجس جاری کرنے کا اعتراف کرلیا۔