لڑکی کا انتقام ، چھیڑ چھاڑ کرنے والے یکطرفہ عاشق کا اغواء اور پٹائی

زد کوب سے بدحال کارپینٹر کی شکایت پر ویپرو کی پراجکٹ مینجمنٹ آفیسر اور پانچ ساتھی گرفتار
حیدرآباد ۔ 2 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : شہر میں لڑکوں کے ہاتھوں لڑکیوں کے اغواء اور زیادتی کی عام اطلاعات کے برخلاف گذشتہ روز پیش آئے اپنی نوعیت کے ایک انوکھے اور منفرد واقعہ میں ایک کارپینٹر کی شکایت پر پولیس نے ایک ہائی ٹیک لڑکی کو گرفتار کرلیا ۔ جس پر اپنے پانچ ساتھیوں کی مدد سے اس بے چارے کارپینٹر کو جھانسہ دے کر سنسان مقام پر طلب کرتے ہوئے اغواء کے بعد جی بھر کر پٹائی کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق 23 سالہ کارپینٹر سائی کمار نے قبل ازیں بورہ بنڈہ میں پراولیکا نامی لڑکی کے گھر میں دروازے اور فرنیچر بنانے کا کام کیا تھا اور پراولیکا نے کام کے سلسلہ میں اپنی سہیلی 24 سالہ پلاری دیویا کے موبائل پر اُس سے بات کی تھی ۔ بعد ازاں سائی کمار نے اس فون پر مسلسل بات کرنے لگا تھا اور واٹس ایپ پر میسیجس بھی بھیجا کرتا تھا ۔ جس سے بیزار ہو کر دیویا نے اس بڑائی کو سبق سکھانے کا منصوبہ بنایا ۔ انتقام لینے کے لیے دیویا نے بشمول دو کار ڈرائیورس ، دو سیکوریٹی گارڈس اور ایک ڈیزل میکانک پانچ افراد کی مدد سے سائی کمار کا اغواء کیا اور سنسان مقام پر لیجا کر اس کی جی بھر کر پٹائی کی ۔ بعد ازاں سائی کمار نے گوپال پورم پولیس اسٹیشن پہونچ کر شکایت درج کروائی ۔ جس پر دیویا اور اس کے پانچ ساتھیوں کو گرفتار کرلیا گیا ۔ گوپال پورم کے اسسٹنٹ کمشنر پولیس کے سرینواس راؤ نے کہا ہے کہ چھیڑ چھاڑ اور ہراسانی کی صورت میں خواتین اور لڑکیوں کو قانون ہاتھ میں نہیں لینا چاہئے بلکہ قریبی پولیس اسٹیشن یا شی ٹیم سے رجوع ہونا چاہئے ۔ ان کا مسئلہ حل کرتے ہوئے مکمل تحفط فراہم کیا جائے گا ۔۔