دیگلور میں ’’بیٹی بچاؤ‘‘ مہم سے منصف مجسٹریٹ وسیم ملا کا خطاب
دیگلور /30 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دیگلور عدالت میں ’’دختر بچاؤ‘‘ مہم کے تحت ایک سمینار کا افتتاح گورنمنٹ پلیڈر ایڈوکیٹ بی بی جادھو نے کیا، جب کہ صدارت منصف مجسٹریٹ دیگلور جناب وسیم ملا نے کی۔ اس سمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایڈوکیٹ قاضی سید اعزاز پرویز نے کہا کہ جس ملک کو ’’بھارت ماتا‘‘ کہتے ہوئے خاتون کے عزت و احترام کا اظہار کیا جاتا ہے، جس ملک میں گنگا، جمنا، گوداوری، نرمدا، کاویری جیسے بڑے بڑے دریاؤں کے نام عورتوں سے موسوم کئے گئے، ایسے ملک میں ’’بیٹی بچاؤ‘‘ کے نام پر مہم چلانی پڑ رہی ہے، جو ہم سب کے لئے باعث شرم ہے۔ اس موقع پر سرکاری وکیل بی بی جادھو نے کہا کہ عورتوں کی حفاظت کے لئے سخت سے سخت قانون مدون کرنا چاہئے۔ بار اسوسی ایشن کے صدر ناگناتھ شنڈے ایڈوکیٹ نے کہا کہ بیٹی کی پیدائش پر آج بھی اس ترقی یافتہ دور میں لوگ ناراضگی کا اظہار کرتے ہیں، جو بڑے دکھ کی بات ہے۔ اس موقع پر جناب وسیم ملا نے بھارت جیسے جمہوری ملک میں بیٹیوں کے تولد کے تناسب میں کمی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں وہ بدنصیب دن دور نہیں، جب لوگ ہم جنس پرستی پر اکتفا کریں گے۔ سمینار کی نظامت ایڈوکیٹ انعامدار نے کی۔ اس موقع پر ایڈوکیٹ اشوک جادھو، ایڈوکیٹ ساوڑے، ایڈوکیٹ نائک، ایڈوکیٹ اسلم انصاری، ایڈوکیٹ قاضی سید ولایت تحسین، ایڈوکیٹ ترمبک جادھو، ایڈوکیٹ محمد فضل، ایڈوکیٹ ڈونگل کر اور ایڈوکیٹ ورکھنڈے کے علاوہ معززین کی کثیر تعداد موجود تھی۔