لڑکیوں کی زبردستی جسم فروشی کروانے والے کے خلاف پی ڈی ایکٹ کا نفاذ

حیدرآباد۔/5 جولائی، ( سیاست نیوز) راچہ کنڈہ پولیس نے لڑکیوں سے زبردستی جسم فروشی کروانے والے ایک انسانی سوداگر کے خلاف انسداد غنڈہ گردی ایکٹ نافذ کردیا۔ کمشنر پولیس نے جاری کردہ احکامات میں نریڈ میٹ پولیس کے ہاتھوں گرفتار 42 سالہ پردیپ سرکار عرف پردیپ عرف سنجیو کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا۔ پردیپ مغربی بنگال کولکتہ سے لڑکیوں کو ملازمت دلانے کے بہانے حیدرآباد منتقل کرتا اور اپنے ساتھی ملککے ساتھ مل کر ان لڑکیوں کو زبردستی جسم فروشی پر مجبور کرتا۔ دو سال قبل پردیپ اور ملک کی ملاقات بی ایم ای ایل میں ہوئی تھی۔ پردیپ 12 سال قبل مغربی بنگال سے حیدرآباد گذر بسر کے سلسلہ میں آیا تھا اور کالونیوں میں گھوم کر کپڑے فروخت کرتا تھا۔ اس دوران ملک سے دوستی کے بعد انہوں نے لڑکیوں کی جسم فروشی کے کاروبار کا منصوبہ تیار کیا اور شہر میں مکانات کرایہ پر لیکر جسم فروشی کا کاروبار کرنے لگے۔ نریڈ میٹ پولیس نے 25 جون کو ایک کارروائی میں اس شخص کو گرفتار کیا تھا۔ جس کے خلاف آج پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا گیا۔