لڑکیوں کی تعلیم سے معاشرہ میں تبدیلی

محبوب نگر میں احمد بشیر الدین فاروقی اور نعیم اللہ شریف کا خطاب
محبوب نگر /22 جون (سیاست نیوز) مسلم شعور بیداری کمیٹی محبوب نگر اور ادارہ سیاست کے اشتراک سے رین بو ہائی اسکول میں تعلیمی شعور بیداری پروگرام منعقد ہوا، جس میں کیریر گائیڈنس سیاست ٹیم کے ارکان جناب احمد بشیر الدین فاروقی ریٹائرڈ ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر، جناب نعیم اللہ شریف (این آر آئی) جناب محمد معید کرسپانڈنٹ ماسٹر مائینڈس ہائی اسکول اور عبد الکریم تجمل نے شرکت کرتے ہوئے اپنی تقاریر میں تعلیم اور روزگار سے متعلق رہبری کی۔ انھوں نے کہا کہ آج کا دور مسابقت کا ہے اور کئی سہولیات نہیں ہیں، سرکاری مراعات اور اسکیمات سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے ان سے بھرپور استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ مسلم شعور بیداری کمیٹی کے صدر جناب اسماعیل نے خیر مقدم کرتے ہوئے جاری سرگرمیوں کا احاطہ کیا اور اپنے تاثرات میں اس بات کا اظہار کیا کہ لڑکیوں کو مختلف قسم کی ٹریننگ دی جا رہی ہے، جس سے خاطر خواہ نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ جناب ایس اے سلطان نائب صدر اور جناب محمد مجیب سکریٹری کے علاوہ الطاف اور محمد بشیر ارکان نے بہترین کار کردگی پر خواتین اور لڑکیوں کو انعامات کا اعلان کیا، جب کہ مہمانوں کے ہاتھوں انعامات دیئے گئے۔ جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر سیاست کی ذاتی اور خصوصی دلچسپی سے رین بو اسکول میں ہر سال ٹریننگ کا اہتمام ہوتا ہے اور گرمائی تعطیلات میں سمر کیمپ سے سیکڑوں لڑکیاں استفادہ کرتی ہیں۔ جناب احمد بشیر الدین فاروقی نے لڑکیوں کے مظاہرہ پر اظہار خوشنودی کرتے ہوئے کہا کہ ہر بچہ اور ہر بچی میں کچھ نہ کچھ صلاحیت ہوتی ہے، لہذا انھیں موقع فراہم کرتے ہوئے ان کی صلاحیت کو ابھارنے کی ضرورت ہے۔ آخر میں محمد اسماعیل صدر کمیٹی نے شکریہ ادا کیا۔