لڑکیوں اور خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ پر کارروائی

ملزمین کے خلاف سزا و جرمانے ، شی ٹیم پولیس کی چوکسی سے ملزمین گرفتار
حیدرآباد ۔ 3 اکٹوبر (سیاست نیوز) خواتین اور لڑکیوں سے چھیڑچھاڑ میں ملوث تین افراد کو حیدرآباد پولیس کی شی ٹیم نے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے بموجب 26 سالہ ایس پانڈا متوطن اوڈیشہ گنیش وسرجن کے دن وہ خفیہ طور پر اپنے موبائیل سے بعض لڑکیوں کی ویڈیو گرافی کررہا تھا۔ شی ٹیم نے اس کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے حراست میں لیا تھا اور بعد تحقیقات اسے آج گرفتار کرتے ہوئے عدالت میں پیش کیا جس کے نتیجہ میں کورٹ نے اسے 27 دن کی سزاء اور 250 روپئے جرمانہ عائد کیا۔ اسی قسم کے ایک اور واقعہ میں شی ٹیم نے 30 سالہ ناگاراجو ساکن کشائی گوڑہ کو گرفتار کرلیا جو ایک خاتون کو مسلسل قابل اعتراض میسیجس اور مواد بھیج رہا تھا۔ درخواست گذار خاتون کی جانب سے اس کے نمبر کو بلاک کئے جانے کے باوجود وہ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آیا اور دوسرے نمبر سے دوبارہ میسیجس بیھج رہا تھا۔ شی ٹیم نے اسے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جس پر اسے 250 روپئے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ ایک اور واقعہ میں گنیش نمرجن کے دوران خاتون و لڑکیوں کو دیکھ کر سیٹی بجاتے ہوئے چھیڑچھاڑ کرنے والے جونیر آرٹسٹ پی کرشنا اور ویلڈر بی کے دلیپ کو گرفتار کرلیا اور عدالت میں پیش کیا جس کے نتیجہ میں انہیں 100 روپئے جرمانہ اور دو دن کی سماجی سیوا کرنے کی سزاء سنائی۔

ایک ہی اپارٹمنٹ کے
3 فلائیٹس میں سرقہ
حیدرآباد ۔ 3 اکٹوبر (سیاست نیوز) جوبلی ہلز کے علاقہ یوسف گوڑہ میں سلسلہ وار سرقہ کی واردات پیش آئی جس میں سارقین نے ایک ہی اپارٹمنٹ کے تین فلائیٹس میں سرقہ کرلیا۔ پولیس کے بموجب سرینواسا ولیج اپارٹمنٹ واقع یوسف گوڑہ کے ساکن جگن ناتھ راؤ، راگھویندرا اور سباراؤ کے فلائیٹس میں قفل شکنی کے ذریعہ سارقین کی ٹولی داخل ہوکر طلائی زیورات اور نقد رقومات کا سرقہ کرلیا۔ سرقہ کے وقت مذکورہ افراد اپنے فلائیٹس میں موجود نہیں تھے لیکن پڑوسیوں نے قفل شکنی دیکھ کر پولیس کو آگاہ کیا۔ کلوز ٹیم اور جوبلی ہلز پولیس کی ٹیم وہاں پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔