لڑکوں کی چھیڑ چھاڑ کا شکارشادی شدہ خاتون کی خودکشی

خواتین پر مظالم کو روکنے کے اقدامات پر سوال، گھٹکیسر میں سنسنی
حیدرآباد 9 جنوری (سیاست نیوز) خواتین پر مظالم کو روکنے اور چھیڑ چھاڑ کے واقعات کے تدارک کیلئے پولیس کی جانب سے جاری اقدامات کے جہاں ثمر آور نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ وہیں ایک ایسا واقعہ سائبر آباد حدود میں پیش آیا جہاں تین لڑکوں کی مسلسل چھیڑ چھاڑ سے ایک شادی شدہ خاتون نے خودکشی کرلی ۔ اس سنسنی خیز واقعہ کے بعد علاقہ میں بے چینی پیدا ہوگئی ۔ گھٹکیسر پولیس حدود میں کے انوچی گوڑہ علاقہ کے ساکن بگوان سنگھ کی بیوی ایس وی وی رویتی نے یہ انتہائی اقدام کیا ۔ ذرائع کے مطابق اس خاتون نے لڑکوں کی چھیڑ چھاڑ کے تعلق سے اپنے شوہر کے علم میں بات لائی تھی تاہم کوئی نتیجہ برآمد نہ ہونے اور لڑکوں کی حرکتوں میں اضافہ سے تنگ آکر رویتی نے انتہائی اقدام کرلیا اور کل رات اس خاتون نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ بگوان سنگھ انوجی گوڑہ میں رہتا ہے اور اس کی چپل کی دکان ہے اس کی دکان کے بازو ایک شراب کی دوکان ہے ۔ اکثر جب وہ باہر جایا کرتا تھا تو اپنی بیوی رویتی کو دکان کی ذمہ داری دے کر جاتا تھا ۔ رویتی کو دوکان پر دیکھ کر شراب کی دکان میں کام کرنے والے تین لڑکے اکثر اسے چھیڑ چھاڑ کیا کرتے تھے ۔ قابل اعتراض فقرے کسنا اور خاتون کو دیکھ طرح طرح کے اشارے کیا کرتے تھے رویتی ان بدمعاشوں کی حرکتوں سے شوہر بگوان سنگھ کو واقف کروایا تھا تاہم باوجود اس کے لڑکوں کی حرکتیں بند نہیں ہوئی جس سے تنگ آکر خاتون نے خودکشی کرلی ۔ گھٹکیسر پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔