صدر کانگریس معذرت کریں۔ پارٹی قیادت کو بدنام کرنے کی کوشش ناکام ۔ بی جے پی کا رد عمل
نئی دہلی 19 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) جج بی ایچ لویا کی موت کی آزادانہ تحقیقات کی درخواستیں سپریم کورٹ میں مسترد کردئے جانے کے بعد کانگریس پر تنقیدوں میں شدت پیدا کرتے ہوئے بی جے پی نے آج الزام عائد کیا کہ اس سلسلہ میں درخواستیں دائر کئے جانے میں کانگریس صدر کا نہ دکھائی دینے والا ہاتھ تھا ۔ پارٹی کی اعلی قیادت کو بدنام کرنے پر راہول گاندھی اور سونیا گاندھی سے معذرت خواہی کا بھی مطالبہ کیا گیا ۔ پارٹی ترجمان سمبت پاترا نے کہا کہ کانگریس صدر نے بی جے پی صدر امیت شاہ کی کردار کشی کیلئے عدلیہ کو استعمال کرنے کی کوشش کی تھی ۔ مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے بی جے پی کی اعلی قیادت اور پارٹی کو بدنام کرنے کی کوششوں کو ختم کردیا ہے ۔ راہول گاندھی اور سونیا گاندھی کو اس گناہ کیلئے معذرت کرنی چاہئے ۔ سپریم کورٹ نے آج اپنے فیصلے میں کہا کہ سی بی آئی جج لویا کی موت فطری وجوہات کی بناپر ہوئی ہے اور اس سلسلہ میں تحقیقات کیلئے جو درخواستیں دائر کی گئی تھیں وہ مفادات پر مبنی تھیں۔ جج لویا سہراب الدین شیخ فرضی انکاؤنٹر کیس کی سماعت کر رہے تھے جس میں بی جے پی صدر امیت شاہ ملزم تھے ۔ بعد میں وہ الزامات منسوبہ سے بری قرار دئے گئے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سمبت پاترا نے جج لویا کی موت کی تحقیقات کیلئے دائر مفاد عامہ کی درخواستوں کو سیاسی مفادات پر مبنی درخواستیں قرار دیا اور کہا کہ کانگریس اور راہول گاندھی اس کے ذمہ دار ہیں۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہا اس مسئلہ پر کانگریس نے میڈیا سے کئی بار خطاب کیا تھا اور کانگریس صدر راہول گاندھی نے اپوزیشن جماعتوں کے ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند سے ملاقات کی تھی تاکہ دوبار ہ تحقیقات ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کو شرم محسوس کرنی چاہئے اور معذرت کرنی چاہئے کیونکہ انہوں نے امیت شاہ کو ‘ عدلیہ کو اور جمہوریت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ان درخواستوں کے پس پردہ در اصل راہول گاندھی تھے ۔ ان کے خیالات کی حمایت کرتے ہوئے مختار عباس نقوی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے کانگریس کی مجرمانہ سازش کو بے نقاب کردیا ہے ۔ اس کے دوست بھی اس میں بے نقاب ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس جب اقتدار میں تھی وہ بحیثیت چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کو نشانہ بنانا چاہتی تھی لیکن اس میں وہ ناکام ہوگئی تھی ۔ اب اپوزیشن میں رہتے ہوئے کانگریس نے بی جے پی کی اعلی قیادت کو بدنام کرنے کی سازش رچی تھی اور اس میں بھی اسے ناکامی ہوئی ہے ۔ عدالت کے فیصلے پارٹی کی سازش کو ناکام بنادیا ہے ۔