ایڈیلیڈ۔ 11 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ٹیم کی قیادت کرنا آسان کام نہیں، لوگ بلا وجہ کھلاڑیوں پر تنقید کرتے ہیں جس کا ٹیم پر منفی اثر پڑتا ہے۔ مصباح نے کہا کہ وہ پوری صلاحیت کیساتھ تیز نہیں کھیل پاتے کیونکہ وہ اکثر ایسے مواقع پر بیٹنگ کیلئے آتے ہیں جب ٹیم مشکلات میں گھری ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ تنازعات سے دور رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔ مصباح کا کہنا ہے کہ معاملات کو مزید الجھانے کے بجائے ان کا حل تلاش کرنا چاہیے، ان کا مزاج پرسکون ہے ورنہ دو دن گزارنا بھی مشکل ہے۔ورلڈ کپ میں ہندوستان اور ویسٹ انڈیزکیخلاف شکست پر انھوں نے کہاکہ لوگوں کو ٹیم سے بڑی توقعات ہوتی ہیں اور جب وہ پوری نہیں ہوتیں تو یکایک شدید تنقید کی جاتی ہے جس کا ٹیم پرمنفی اثر پڑتا ہے۔