نئی دہلی ۔17 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) مرکز نے آج سپریم کورٹ کو بتایا کہ لوک پال سلیکشن کمیٹی نے 19 جولائی کو میٹنگ طلب کی ہے جس کا مقصد مخالف رشوت ستانی عہدیدار کیلئے ایک سرچ پیانل کی تشکیل دینا ہے ۔ جسٹس رنجن گوگوئی ، جسٹس آر بھانومتی اور جسٹس نوین سنہا کی بنچ کو حکومت نے بتایا کہ سرچ کمیٹی کو لوک پال کے تقرر کے لئے مختلف ناموں کا پیانل پیش کرنا ہوگا ۔ بنچ نے اس معاملے کی مزید سماعت 24 جولائی کو مقرر کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ 19 جولائی کو طئے ہوئی ہے اس لئے وہ فی الحال کوئی ہدایت جاری نہیں کریں گے۔ یہ کمیٹی وزیراعظم ، چیف جسٹس آف انڈیا ، لوک سبھا اسپیکر اور اپوزیشن لیڈر کے علاوہ ممتاز جیوریسٹ پر مشتمل ہے ۔