لوک پال کیلئے تازہ احتجاج شروع کرنے انا ہزارے کا اعلان

ممبئی ۔ 28 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سماجی کارکن انا ہزارے نے آج کہا کہ وہ ایک بار پھر نریندر مودی حکومت کے خلاف لوک پال کے مسئلہ پر تازہ احتجاج کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صدر جمہوریہ ہند کی دستخط کے 365 دن بعد بھی مودی حکومت نے لوک پال قانون پر عمل آوری نہیں کی۔ مودی حکومت نے عوام سے جو وعدے کئے تھے، ان کی تکمیل نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کرپشن کے مسئلہ پر سنجیدہ نہیں ہے۔ انا ہزارے نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ایک بار پھر لوک پال کیلئے وہ احتجاج شروع کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ لوک پال کے علاوہ حصول اراضی قانون اور کالا دھن کے سلسلہ میں بھی وہ مہم چلائیں گے۔ آج شام مہاراشٹرا کے ضلع احمد نگر میں رالے گاؤں سدھی کے مقام پر ایک بیان آج شام جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کالے دھن کے مسئلہ پر مودی نے کہا تھا کہ ہر ہندوستانی کو کالا دھن وطن واپس لانے کے نتیجہ میں 15 لاکھ روپئے حاصل ہوں گے لیکن لوگوں کو اب تک 15 روپئے بھی نہیں مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے سابق ساتھیوں اروند کجریوال اور کرن بیدی کے بارے میں انہیں کچھ بھی نہیں کہنا ہے ۔ وہ اپنے راستہ پر اکیلے بھی چل سکتے ہیں۔