لوک سبھا کے بجٹ اجلاس میں تین دن کی توسیع

نئی دہلی 7 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا کا بجٹ اجلاس جو کل اختتام پذیر ہونے والا تھا مزید تین دن جاری رہے گا اور 13 مئی کو اختتام پذیر ہوگا ۔ اس دوران حکومت حساس حصول اراضی قانون کی منظوری کیلئے کوشش کرے گی۔ اس اختتام کے ساتھ ہی ایوان زیریں کے بجٹ اجلاس کا دوسرا حصہ ختم ہوگا ۔ راجیہ سبھا کا اجلاس بھی اتفاق سے 13 مئی کو ہی ختم ہونے والا ہے ۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور راجیو پرتاب روڈی نے کئی ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ بات چیت کے بعد یہ اعلان کیا ۔

لوک سبھا میں ترنمول
کانگریس رکن کے خلاف ریمارکس
نئی دہلی۔7 مئی (سیاس ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس کے ایک سینئر رکن کے خلاف مملکتی وزیر پارلیمانی امور کے ریمارکس پر آج اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا جس پر اسپیکر سمترا مہاجن نے وزیر موصوف کی سرزنش کی اور کہا کہ مسٹر روڈی، میں تمہیں بولنے کی اجازت نہیں دوں گی۔ آپ فی الفور نشست پر بیٹھ جائیں۔ ٹی ایم سی رکن سوگتا رائے کے خلاف ریمارکس پر اسپیکر خفا ہوگئیں اور اپوزیشن کی برہمی کو دور کرنے کے لئے وزیر موصوف کے ریمارکس ریکارڈ سے حذف کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ایک مسئلہ پر روڈی کو اس قدر ردعمل ظاہر کرنے کی ضرورت نہیں تھی جسے پہلے ہی ختم کردیا گیا ہو۔