لوک سبھا کی 4 اور اسمبلی کی 9 نشستوں کیلئے 10 ریاستوں میں پولنگ

ووٹنگ مشینوں میں بڑے پیمانے پر خرابی کی شکایات ۔ شدید گرمی سے کچھ مشینوں نے ٹھیک سے کام نہیں کیا ۔ الیکشن کمیشن کی وضاحت

نئی دہلی / ممئی/ لکھنو / کولکاتہ 28 مئی ( سیاست ڈاٹ کام )ووٹنگ مشینوں میں خرابی کے دعووں کے ساتھ آج لوک سبھا کی چار اور اسمبلی کی 9 نشستوں کیلئے ضمنی انتخابات میں پولنگ ہوئی ۔ یہ نشستیں ملک کی دس ریاستوں میں پھیلی ہوئی ہیں۔ ان انتخابات میں اوسط سے اچھے تناسب تک رائے دہی ہوئی ہے ۔ ان انتخابات میں اپوزیشن اور بی جے پی دونوں ہی کیلئے بہت کچھ داؤ پر لگا ہوا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ یہ آئندہ عام انتخابات کا رجحان ظاہر کرینگی ۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں بڑے پیمانے پر خرابی کی اطلاعات کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے تاہم کئی گوشوں سے مشینوں میں خرابی اور نقائص کی اطلاعات ملی ہیں ۔ اترپردیش کے کیرانہ لوک سبھا حلقہ میں بھی یہ شکایت زیادہ رہی ہے جہاں بی جے پی اس نشست پر اپنے قبضہ کو برقرار رکھنا چاہتی ہے۔ یہاں متحدہ اپوزیشن نے مقابلہ کیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع نے کہا کہ گراونڈ اسٹاف کی جانب سے بہتر انداز میں مشینوں سے نمٹنے میں ناکامی کی وجہ سے یہ شکایات پیش آ رہی ہیں خاص طور پر درجہ حرارت میں بہت زیادہ اضافہ کی وجہ سے بھی ایسا ہو رہا ہے ۔ ان نشستوں کیلئے رائے شماری 31 مئی کو ہوگی ۔ ووٹنگ مشینوں میں خامیوں کی شکیات نورپور اسمبلی حلقہ یو پی سے بھی ملی ہیں جہاں بی جے پی کو سخت مقابلہ درپیش ہے ۔ اس کے علاوہ مہاراشٹرا میں پلگھار اور بھنڈارا ۔ گونڈیا لوک سبھا حلقوں کیلئے بھی آج ووٹ ڈالے گئے ہیں اور یہاں بی جے پی اور اس کی حلیف شیوسینا علیحدہ مقابلہ کر رہے ہیںا ور کانگریس کے امیدوار کو این سی پی کی تائید حاصل ہے ۔ یہاں بھی ووٹنگ مشینوں اور وی وی پاٹ میں بھی خرابی کی شکایات عام رہی ہیں۔ پنجاب میں شاہ کوٹ اسمبلی حلقہ کیلئے 73 فیصد ووٹ ڈالے گئے ۔ اس کے علاوہ مشرقی اور شمال مشرقی ریاستوں میں بھی رائے دہی پرامن رہی جہاں ناگالینڈ کے واحد پارلیمان حلقہ کیلئے 70 فیصد رائے دہی ہوئی ہے ۔ اس کے علاوہ چار دوسری ریاستوں میں 53 سے 90 فیصد تک ووٹ ڈالے گئے ہیں۔ یہ نشستیں میگھالیہ ‘ جھارکھنڈ ‘ مغربی بنگال اور بہار میں تھیں۔ اس کے علاوہ جنوب میں کرناٹک کے راجا راجیشوری نگر ضمنی انتخاب کیلئے بھی ووٹ ڈالے گئے ہیں ۔ اس حلقہ میں ہزاروں فرضی ووٹر آئی ٹی کارڈز دستیاب ہونے کے بعد الیکشن منسوخ کردیا گیا تھا ۔کیرالا میں شدید بارش کے باوجود چنگانور اسمبلی حلقہ کیلئے 74.60 فیصد پولنگ ہوئی ہے ۔