لوک سبھا چناؤ کی تیاری ، امیت شاہ کا دورۂ کیرالا

تھرواننتاپورم ۔3 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) صدر بی جے پی امیت شاہ ایک روزہ دورۂ کیرالا پر آج یہاں پہونچے جبکہ اُن کی کوشش آئندہ سال لوک سبھا چناؤ سے قبل پارٹی کے کیڈر کے ڈھانچہ کو بہتر بنانا ہے ۔ وہ پارٹی کی اسٹیٹ کور کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت کریں گے ، منتخب اضلاع کے قائدین کو مخاطب کریں گے اور جنوبی کیرالا کے چھ پارلیمانی حلقوں کے پارٹی ورکرس کے کنونشن کا افتتاح بھی کریں گے ۔ بی جے پی ذرائع نے کہاکہ امیت شاہ رابطہ بارے تائید و حمایت مہم کے حصہ کے طورپر ریاست کے بعض ممتاز لوگوں سے ملاقات بھی کرسکتے ہیںجنھیں وہ مودی حکومت کے کارہائے نمایاں کے تعلق سے واقف کروائیں گے اور لکشادویپ کے قائدین کے ساتھ تبادلۂ خیال بھی کریں گے ۔ تاہم یہ ابھی غیرواضح ہے کہ آیا امیت شاہ کے دورہ کے دوران نئے کیرالا بی جے پی سربراہ سے متعلق کوئی فیصلہ ہوگا یا نہیں ۔