نئی دہلی 10 مئی (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلہ کے لئے انتخابی مہم جمعہ کی شام اختتام کو پہونچی جس میں 7 ریاستوں میں پھیلے ہوئے59 حلقوں میں 12 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور مرکزی وزیر منیکا گاندھی، ایس پی سربراہ اکھلیش یادو، کانگریس لیڈر ڈگ وجئے سنگھ اور بی جے پی کی پرگیہ ٹھاکر و دیگر کی انتخابی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔ اترپردیش میں 14 نشستوں، ہریانہ میں 10 ، مدھیہ پردیش، بہار اور بنگال میں 8 ، 8 ، دہلی میں 7 اور جھارکھنڈ میں 4 نشستوں کے لئے رائے دہی ہوگی۔ گزشتہ عام انتخابات میں بی جے پی نے اِن 59 نشستوں کے منجملہ 44 جیتے تھے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق جملہ 968 امیدوار میدان میں ہیں۔ منیکا گاندھی یوپی کے سلطان پور اور اُن کے بیٹے و موجودہ ایم پی ورون گاندھی پیلی بھیت سے چناؤ لڑرہے ہیں۔ اکھلیش نے اعظم گڑھ لوک سبھا نشست اور ڈگ وجئے سنگھ و پرگیہ دونوں بھوپال نشست کے لئے مسابقت کررہے ہیں۔ قومی دارالحکومت کی 7نشستوں میں نارتھ ۔ ایسٹ دہلی، ایسٹ دہلی اور ساؤتھ دہلی میں سخت مقابلہ درپیش ہے۔