لوک سبھا چناؤ : نیتش کمار بہار میں این ڈی اے کا چہرہ

قومی سطح پر این ڈی اے کی قیادت نریندر مودی کریں گے، بی جے پی ترجمان سمبت پاترا کا بیان

پٹنہ9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی ترجمان سنبت پاترا نے آج کہا کہ سال 2019 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں وزیر اعلی نتیش کمار بہار میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کا چہرہ ہوں گے جبکہ قومی سطح پر وزیر اعظم نریندر مودی کے چہرے پر این ڈی اے انتخابی اکھاڑے میں اترے گا کیونکہ ملک ان کی قیادت میں ترقی کے راستے پر آگے بڑھنا چاہتا ہے ۔ پاترا نے یہاں پارٹی کے ریاستی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں بہار میں کمار این ڈی اے کا چہرہ ہوں گے لیکن این ڈی اے میں وزیر اعظم کا چہرہ مودی کا ہی ہے اور رہے گا۔ ملک کے لوگ مودی کی ترقی کے ساتھ ہی آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک وزیر اعظم کے عہدے کا تعلق ہے ، وزیر اعلی کمار نے پہلے ہی وضاحت کرچکے ہیں کہ وہ اس دوڑ میں شامل نہیں ہیں۔قومی ترجمان نے چٹکی لیتے ہوئے کہا کہ کانگریس اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے کئی لیڈر آج بیل (ضمانت) پر ہیں اس لئے ایک طرح سے وہ بیل گاڑی کی سواری کر رہے ہیں۔ کانگریس کے صدر سمیت سونیا گاندھی اور اس کے بیٹے کانگریس صدر راہول گاندھی بیل پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچ ہزار کروڑ روپے کی ہیرا پھیری کے معاملے میں دونوں بیل پر ہیں اور ان کے ساتھ ساتھ اس وقت کے وزیر خزانہ پی چدمبرم بھی اس گاڑی میں بیٹھے ہیں۔