لوک سبھا چناؤ کے دوسرے مرحلہ کیلئے آج پولنگ

11 ریاستوں اور ایک مرکزی علاقہ میں پھیلی 95 نشستوں کیلئے مسابقت
نئی دہلی ۔ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلہ کیلئے جمعرات کو ووٹ ڈالے جائیں گے جس میں 11 ریاستوں اور ایک مرکزی زیرانتظام علاقہ میں پھیلی ہوئی 95 نشستوں کا احاطہ ہوگا۔ قبل ازیں 11 اپریل کو پہلے مرحلہ میں 91 لوک سبھا حلقوں کیلئے رائے دہی ہوچکی ہے۔ کل جن ریاستوں میں لوک سبھا کیلئے پولنگ ہوگی ان میں ٹاملناڈو کے 38، کرناٹک کے 14، مہاراشٹرا 10، اترپردیش کے 8 حلقے شامل ہیں۔ ٹاملناڈو میں 38 لوک سبھا نشستوں کے علاوہ 18 اسمبلی حلقوں کیلئے بھی ضمنی انتخابات کے تحت ووٹنگ ہوگی۔ مہاراشٹرا میں سیکوریٹی پرسونل کو تمام حساس مقامات پر چوکس کردیا گیا ہے۔ اسی طرح ملک بھر کی دیگر تمام ریاستوں میں حساس مقامات پر سیکوریٹی بڑھادی گئی ہے۔ جمعرات کو جملہ ایک کروڑ 86 لاکھ 926 ووٹرس اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرسکیں گے اور وہ انتخابی میدان میں موجود 179 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ کل زیادہ تر حصوں میں صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک پولنگ کا وقت مقرر کیا گیا ہے لیکن بعض مقامات پر مقامی وجوہات کی بناء رات 8 بجے تک رائے دہی ہوگی۔ کل کے مرحلہ میں جموں و کشمیر کی دو نشستوں مغربی بنگال کی تین نشستوں کیلئے بھی رائے دہی ہوگی۔ علاوہ ازیں منی پور اور پڈوچیری میں بھی ووٹ ڈالے جائیں گے۔