لوک سبھا و اسمبلی امیدواروں کیلئے کانگریس کی اسکریننگ کمیٹی تشکیل

حیدرآباد ۔ 11 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے ریاست میں لوک سبھا اور اسمبلی کے امیدواروں کا انتخاب کرنے کیلئے مرکزی وزیر ویلار روی کی قیادت میں اسکریننگ کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی میں تلنگانہ کے قائدین کو نمائندگی نہ ملنے کی شکایت کرتے ہوئے تلنگانہ کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے رکن راجیہ سبھا مسٹر آر آنند بھاسکر نے اسکریننگ کمیٹی کی تشکیل پر نظرثانی کرنے کا پارٹی صدر مسز سونیا گاندھی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے 2014ء کے عام انتخابات کیلئے لوک سبھا اور اسمبلی کے امیدواروں کا انتخاب کرنے کیلئے تمام ریاستوں کیلئے اسکریننگ کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ آندھراپردیش کیلئے مرکزی وزیر ویلاروی اسکریننگ کمیٹی کے سربراہ رہیں گے۔ دیگر ارکان میں اے پی کے انچارج جنرل سکریٹری مسٹر ڈگ وجئے سنگھ، چیف منسٹر کرن کمار ریڈی صدر پردیش کانگریس کمیٹی، مسٹر بوتسہ ستیہ نارائنا شامل ہیں۔ تعجب کی بات یہ ہیکہ علاقہ تلنگانہ سے کانگریس کے کسی بھی قائد کو کمیٹی میں نمائندگی نہیں دی گئی ہے جس سے تلنگانہ کے قائدین میں ناراضگی اور بے چینی پائی جاتی ہے۔

علحدہ تلنگانہ ریاست کے مسئلہ پر چیف منسٹر اور صدر پردیش کانگریس کمیٹی سے تلنگانہ کے قائدین کے تعلقات خراب ہوگئے ہیں۔ علاقہ تلنگانہ کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے رکن راجیہ سبھا مسٹر آر آنند بھاسکر نے پارٹی صدر مسز سونیا گاندھی کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے اسکریننگ کمیٹی کی تشکیل پر نظرثانی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی میں چیف منسٹر کرن کمار ریڈی اور صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر بی ستیہ نارائنا کو شامل کیا گیا ہے جن کا علاقہ سیما آندھرا سے تعلق ہے۔ ان سے انصاف کی امید نہیں ہے لہٰذا کمیٹی پر نظرثانی کی جائے اور تلنگانہ کے قائدین کو بھی کمیٹی میں شامل کیا جائے۔