لوک سبھا میں مائیک بند کردیا گیا،کھرگے کی شکایت

نئی دہلی۔ 8 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر قائد ملکارجن کھرگے نے آج شکایت کی کہ ان کا مائیک اس وقت بند کردیا گیا جبکہ وہ وزیراعظم نریندر مودی سے لوک سبھا میں مرکزی وزیر کے متنازعہ تبصرہ پر بیان دینے کے بعد سوالات کرنا چاہتے تھے۔ وقفہ سوالات سے قبل یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے کھرگے نے کہا کہ ایوان کی کارروائی کی دستاویزات میں بھی مرکزی وزیر کے تبصرہ کا کوئی تذکرہ نہیں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ٹی وی چیانلس نے بھی وزیراعظم کے بیان کے بعد اس تبصرہ کی نمائش نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ آپ مفادات کے محافظ ہیں۔ اسپیکر لوک سبھا سمترا مہاجن کو مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسی باتوں کا اعادہ نہیں ہونا چاہئے۔ کھرگے نے کہا کہ وہ ایوان کی کارروائی میں خلل اندازی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے ۔