نئی دہلی ۔ 13 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا میں تقریباً 10 سال کے وقفہ کے بعد وزیراعظم نے آج رائے دہی میں حصہ لیا۔ ججس کے تقرر کیلئے کولیجم سسٹم کو ختم کرنے کے مقصد سے پیش کردہ دستوری ترمیمی بل پر رائے دہی میں نریندر مودی نے بھی حصہ لیا۔ ان کے پیشرو منموہن سنگھ ایوان زیریں میں رائے دہی میں حصہ نہیں لے سکتے تھے کیونکہ وہ اپنی ساری میعاد کے دوران راجیہ سبھا رکن رہے۔ اتفاق کی بات یہ ہے کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی اور راہول گاندھی رائے دہی کے دوران موجود نہیں تھے۔ رائے دہی کا عمل کافی طویل رہا کیونکہ الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم کے برعکس قدیم سسٹم کو استعمال کیا گیا اور ارکان میں سلپ تقسیم کئے گئے تھے۔