لوک سبھا میں حلف برداری کا کام تقریباً مکمل

نئی دہلی ۔ 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک ہی دن میں 510 ارکان کی حلف برداری کو یقینی بناکر ایک ریکارڈ قائم کرنے والی لوک سبھا نے آج حلف برداری کا کام تقریباً مکمل کرلیا جبکہ مزید نئے ارکان نے آج حلف اٹھایا۔ جن لوگوں نے آج حلف اٹھایا ان میں ایک جوڑا راجیش رنجن عرف پپو یادو (آر جے ڈی) اور رنجیت رنجن (کانگریس) شامل تھا۔ نلہ ملی سیوا پرساد (ٹی ڈی پی) جو پہلے بھی ایوان کے رکن رہ چکے ہیں، نے بی جے پی کے رکن راجیو پرتاب روڈی کے ساتھ حلف لیا۔ دیگر افراد نے بی جے پی کے پرکاش بابنا مٹکیری اے آئی این آر سی کے آر رادھا کرشنن بی جے پی کی جگدمبیکا پال کانگریس کے ادھیر رنجن چودھری اور ٹی آر ایس کے بی بی پاٹل شامل تھے۔ سمترا مہاجن کے بحیثیت اسپیکر انتخاب کے بعد مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور وینکیا نائیڈو نے عبوری اسپیکر کمل ناتھ اور لوک سبھا کے سکریٹری جنرل پی سریدھرن سے تقریب حلف برداری کی تکمیل پر شکریہ ادا کیا۔ سکریٹری جنرل نے ایک ہی دن میں 510 ارکان کی حلف برداری کو یقینی بناکر ایک ریکارڈ قائم کیا ہے۔