نئی دہلی، 26 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دہلی میں تین بچیوں کی بھوک کی وجہ سے موت کا معاملہ آج لوک سبھا میں اٹھا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ارکان نے اس کے لئے دہلی حکومت کو قصوروار مانتے ہوئے اسے برخاست کرنے کامطالبہ کیا۔بی جے پی کے رمیش ودھوڑی، مہیش گری اور پرویش ورما نے وقفہ صفر میں یہ معاملہ اٹھایا اور اس کے لئے دہلی حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے عام آدمی پارٹی کی حکومت کو برخاست کرنے کی مانگ کی۔مسٹر ودھوڑي نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ملک کے قبائلی علاقوں میں غریبوں تک کھانا پہنچایا جا رہا ہے لیکن دہلی کے نائب وزیر اعلی کے حلقے میں تین معصوم بچیوں کی بھوک کی وجہ سے موت ہو جاتی ہے ۔انہوں نے اس حادثے کے لئے دہلی حکومت کو مجرم قرار دیا اور الزام لگایا کہ اس نے راشن لے جانے میں 1500 کروڑ روپے کا گھوٹالہ کیا ہے اور اس پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔مسٹر گری نے اسے دہلی کی عام آدمی پارٹی کی ناکامی قرار دیا اور کہا کہ دہلی کے نائب وزیر اعلی ٹویٹ کر کے جھوٹ بول رہے ہیں کہ متاثرہ خاندان حال ہی میں ان کے حلقے میں آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس خاندان کو راشن نہیں دیا گیا اور محلہ کلینک میں بچیوں کا علاج کرنے سے انکار کیا گیا۔مسٹر ورما نے کہا کہ دہلی حکومت لوگوں کے مسائل پر توجہ نہیں دے رہی ہے ۔ حکومت لوگوں کے تئیں لاپرواہ ہے اور اسی کا نتیجہ ہے کہ نائب وزیر اعلی کے حلقے میں بچیوں کی موت بھوک کی وجہ سے ہو ئی ہے