لوک سبھا میں ایک رکن کی سادہ لوحی پر قہقہے

نئی دہلی ۔ 6 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا میںآج ارکان اس وقت قہقہ زار ہوگئے جب بی جے پی کے ایک رکن نے حکومت سے دریافت کیا کہ ژالہ باری پر قابو پانے کیلئے وہ اقدامات کیوں نہیں کر رہی ہے۔ حالیہ غیر موسمی بارش اور ژالہ باری سے فصلوںکی زبردست تباہی پر فکر مند دلیپ کمار منشو کھلال گاندھی نے ارتھ سائنس مسٹر ہرش وردھن سے یہ سوال کیا تھا۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ تاحال کوئی طریقہ کار ایجاد نہیں کیا گیا ہے جس کے ذریعہ ژالہ باری یا زلزلوں کو روکا جاسکتا ہے۔ مہاراشٹرا میں احمد نگر لوک حلقہ کے نمائندہ گاندھی نے دریافت کیا تھا کہ بارش اور طوفان کی پیشگی اطلاع جب کسانوں اور ماہی گیروں کی دیجاسکتی ہے اور ژالہ باری پر قابو پانے کیلئے وارننگ سسٹم ایجاد کیوں نہیں کیا جاسکتا جس کے باعث کسانوںکواحتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی سہولت ہوگی ۔ انہوں نے وقفہ صفر کے دوران کہا کہ وزارت ارتھ سائنس کو اس خصوص میں کام کرنا چاہئے ۔ ان کے اس معصوم سوال پر ایوان کئی ارکان مسکراتے دیکھے گئے جبکہ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے مسٹر ہرش وردھن نے کہا کہ فی الحال سائنس نے ایسا کوئی آلہ اور طریقہ کار ایجاد نہیں کیا جس کے ذریعہ ژالہ باری اور زلزلوں کا قبل از وقت پتہ چلایا جاسکتا ہے۔