لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں میں عہدیداران مصروف

محبوب نگر اور ناگرکرنول کیلئے مارچ کے پہلے ہفتہ تک اعلامیہ کی اجرائی متوقع
محبوب نگر۔/22 فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں میں ضلع عہدیداران مصروف ہوچکے ہیں۔ متحدہ ضلع کے تحت دو پارلیمانی حلقہ جات محبوب نگر اور ناگرکرنول ( محفوظ )کیلئے جاریہ ماہ کے اواخر یا مارچ کے پہلے ہفتہ میں انتخابی اعلامیہ کی اجرائی متوقع ہے ۔ ضلع کے کلیدی عہدیدار تیاری میں تیزی لاچکے ہیں۔ دونوں پارلیمانی حلقوں کے انتخابات کے تعلق سے فرائض کی ذمہ داریاں سونپنے کیلئے نوڈل آفیسرس کے تقررات عمل میں لائے گئے ہیں۔ محبوب نگر حلقہ کیلئے20 نوڈل آفیسروں کے تقررات کیلئے ضلع کلکٹر نے احکامات جاری کردیئے۔ 27 فروری کو اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر اسسٹنٹ الکٹورل آفیسر س کا خصوصی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ پارلیمانی حلقہ محبوب نگر کے تحت 7 اسمبلی حلقہ جات محبوب نگر، جڑچرلہ، دیور کدرہ، مکتھل، نارائن پیٹ، کوڑنگل اور شاد نگر کیلئے اسٹرانگ رومس اور رائے شماری کیلئے مستقر محبوب نگر کے بھگیرتا کالونی میں واقع مائناریٹی ریزیڈنشیل اسکول ( جے پی این ایس ڈی ) عمارت کی ضلع عہدیداروں نے نشاندہی کی ہے۔ جبکہ حلقہ ناگرکرنول کے تحت ناگرکرنول ، اچم پیٹ، کلواکرتی، کولا پور، ونپرتی، عالمپور، گدوال کیلئے بھی اسٹرانگ رومس اور رائے شماری کیلئے مستقر ضلع ناگر کرنول کیلئے نیو مارکٹ یارڈ یا پرائیویٹ بی ایڈ کالج کی عمارتوں کی ضلع عہدیداروں نے نشاندہی کی ہے۔