مہاراشٹرا کی 38 نشستوں پر متفقہ امیدوار کھڑا کرنے کا فیصلہ
ممبئی۔ 27 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) اپوزیشن کانگریس اور این سی پی نے آئندہ لوک سبھا انتخابات کیلئے اتحاد کرلیا ہے اور مہاراشٹرا میں 45 لوک سبھا نشستوں کے منجملہ 38 نشستوں پر اتفاق رائے سے امیدوار کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ اس سلسلے میں بات چیت جاری تھی۔ قبل ازیں اس ہفتہ این سی پی صدر شرد پوار نے اورنگ آباد میں کہا تھا کہ لوک سبھا کی 40 نشستوں کیلئے اتفاق رائے ہوا ہے۔ مہاراشٹرا کانگریس کے صدر اشوک چوہان نے کہا کہ کانگریس اور این سی پی مل کر لوک سبھا انتخابات کا مقابلہ کریں گے۔ نشستوں کی تقسیم پر بات چیت جاری ہے لیکن میں فی الحال نشستوں کی تعداد کے بارے میں کچھ بتا نہیں سکتا۔ کانگریس کے ایک اور سینئر لیڈر جو نشستوں کی تقسیم کیلئے ہوئی بات چیت میں شریک تھے، کہا کہ تقریباً 38 نشستوں کیلئے اتفاق رائے پیدا ہوا ہے جبکہ اس خصوص میں مزید بات چیت باقی ہے۔ ماباقی حلقوں کیلئے بھی نشستوں کو تقسیم پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ کانگریس نے کہا کہ اب تک ہوئی بات چیت میں کوئی تنازعہ پیدا نہیں ہوا۔ نشستوں کی تقسیم کا فارمولہ مجموعی طور پر وہی ہے جو سابق میں تھا۔ البتہ اس میں تھوڑی تبدیلی کی جائے گی۔ اگر ضرورت ہو تو اس پر بات چیت کریں گے۔