ممبئی ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر زراعت و صدر این سی پی شردپوار آئندہ لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کیلئے 5 جنوری سے مہاراشٹرا میں پارٹی قائدین کے ساتھ مشاورت کے سلسلہ کا آغاز کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق شردپوار پارٹی کے ارکان دفتر، سینئر قائدین اور وزراء سے تمام انتخابی حلقوں میں 5 اور 6 جنوری کو ملاقات کریں گے تاکہ ریاست میں پائی جانے والی تازہ ترین سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے اور یہ بھی دیکھا جائے کہ لوک سبھا کیلئے 22 انتخابی حلقوں میں کس نوعیت کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔
یاد رہیکہ گذشتہ پارلیمانی انتخابات میں این سی پی نے لوک سبھا کی 48 نشستوں کے منجملہ 22 نشستوں پر مقابلہ کیا تھا۔ دریں اثناء این سی پی کی حلیف جماعت کانگریس نے کہا کہ وہ 29 کے مقابل 19 (29:19) کی نسبت سے نشستوں کی تقسیم پر عمل آوری کرے گی کیونکہ مغربی مہاراشٹرا کے 22 انتخابی حلقوں میں متعدد حلقے ایسے ہیں جہاں این سی پی کی کارکردگی ناقص رہی۔ البتہ این سی پی اس بات پر اٹل ہیکہ وہ 22 نشستوں پر مقابلہ کرے گی۔ شردپوار جلگاؤں، بھنڈارہ، گونڈیا، امراوتی، بلڈھانہ، ریور، عثمان آباد، بیڑ، ہنگولی، پربھنی، احمدنگر، کولہاپور، ہاتھ کنگالے، ستارا، مادھا، موال، شیرور، ممبئی نارتھ ایاسٹ، تھانے، کلیان، بارہ متی، ناسک اور ڈنڈوری لوک سبھا حلقہ انتخابات کے قائدین سے مشاورت کریں گے۔