لوک سبھا انتخابات بہ یک نظر

نیلکانی، ماکن، وی کے سنگھ، شتروگھن سنہا کی نامزدگیاں داخل
نئی دہلی 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سابق مرکزی وزیر اجئے ماکن، انفوسیس کے معاون بانی نندن نیلکانی، سابق فوجی سربراہ وی کے سنگھ، اداکار شتروگھن سنہا اور سابق صحافی اشوتوش نے اپنے پرچے نامزدگی داخل کئے۔ کانگریس، بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کے قائدین 8 ریاستوں میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے لئے سرگرم ہوگئے ہیں۔ صنعت کار و موجودہ رکن پارلیمنٹ نوین جندال نے بھی کانگریس امیدوار کی حیثیت سے پرچہ نامزدگی داخل کردیا ہے۔ گڑگاؤں میں عام آدمی پارٹی لیڈر یوگیندر یادو مقابلہ کریں گے۔

مایاوتی نے برہمنوں اور مسلمانوں کو
50فیصد ٹکٹس دیئے
لوک سبھا انتخابات کیلئے بہوجن سماج پارٹی نے برہمنوں اور مسلمانوں کو 50 فیصد ٹکٹس دیئے ہیں۔ انتخابی نشان ہاتھی کو دوبارہ اقتدار پر لانے کیلئے بہوجن سماج پارٹی صدر مایاوتی مسلمانوں اور برہمنوں کا ایک مضبوط اتحاد بنانا چاہتی ہیں۔ اِس لئے دلتوں کی نمائندگی کرنے والی سابق چیف منسٹر نے اِس مرتبہ مسلمانوں کو 14 ٹکٹس اور برہمنوں کو 20 ٹکٹس دیئے ہیں۔ اِس سے دیگر طبقات کے ارکان کو دیئے جانے والے ٹکٹس کی تعداد کم ہوجائے گی۔

وارناسی میں مودی کے گناہ ہرگز نہیں دھلیں گے : لالو
پٹنہ 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو نے نریندر مودی کے خلاف اپنی تنقیدوں میں شدت لاتے ہوئے کہاکہ مودی کے گناہ اتنے شدید ہیں کہ وارناسی میں وہ اپنے گناہوں کو نہیں دھوسکیں گے۔ ہندو مذہب میں وارناسی جاکر لوگ ڈپکی کے ذریعہ اپنے گناہوں کو دھونے کی پوجا کرتے ہیں۔ لیکن مودی اِس مقدس شہر وارناسی میں اپنے گناہ نہیں دھو سکیں گے۔ اُنھوں نے جو جرم کیا ہے وہ گھناؤنا ہے۔ جنتادل (یو) کے قائدین اعجاز علی، محمد قیس انور اور دیگر نے آج آر جے ڈی میں شمولیت اختیار کی۔ اِس موقع پر لالو پرساد یادو نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اُن کی پارٹی میں مسلم قائدین کی شمولیت اِس بات کی علامت ہے کہ آئندہ بہار میں اِن کی حکومت ہوگی۔

اترپردیش میں گاندھی خاندان کے 4 افراد کا مقابلہ
لوک سبھا انتخابات 2009 ء کی طرح اِس مرتبہ بھی اترپردیش سے گاندھی خاندان کے 4 افراد جو تمام نہرو گاندھی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، مقابلہ کریں گے۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی، اُن کے فرزند نائب صدر کانگریس راہول گاندھی علی الترتیب رائے بریلی اور امیتھی سے امیدوار ہوں گے جبکہ منیکا گاندھی اور اُن کے فرزند ورون گاندھی بی جے پی ٹکٹ پر دوبارہ انتخاب لڑرہے ہیں۔