لوک سبھا انتخابات، آج دوسرے مرحلہ کی رائے دہی

چار شمال مشرقی ریاستوں کے چھ حلقوں میں پولنگ کی تیاریاں مکمل
نئی دہلی 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ملک میں 9 مرحلوں کے تحت ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلہ کے تحت چار شمال مشرقی ریاستوں کے چھ حلقوں میں کل رائے دہی ہوگی۔ میزورم کے واحد حلقہ لوک سبھا میں ریاست گیر بند کے سبب رائے دہی 11 اپریل کو ہوگی۔ تریپورہ کے کیمپوں میں رکھے گئے برو ووٹرس کو پوسٹل بیلٹ کے ذریعہ ووٹ دینے کی اجازت کے خلاف یہ بند منایا جارہا ہے۔

اروناچل پردیش اور میگھالیہ کے دو دو اور ناگالینڈ اور منی پور کے ایک ایک حلقہ میں رائے دہی ہوگی۔ علاوہ ازیں اروناچل پردیش کی 60 رکنی اسمبلی کے لئے 49 حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ان حلقوں میں انتخابی مہم پہلے ہی ختم ہوچکی ہے۔ ناگالینڈ کی واحد پارلیمانی نشست پر صرف تین امیدوار چیف منسٹر نیپھیوریو (این پی ایف) ، کانگریس کے کے وی پوسا اور سوشلسٹ پارٹی کا اکھیوا چومی مقابلہ کررہے ہیں۔ 11,79,881 ووٹرس اپنے حق سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ بیرون منی پور حلقہ میں کل اور منی پور (اندرون) میں 17 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔