لوک سبھا الیکشن کے شیڈول کا آج اعلان متوقع

نئی دہلی 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات کیلئے شیڈول جس کا کافی انتظار ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے چہارشنبہ کو اُس کا اعلان کیا جائے گا۔ انتخابی تواریخ کے اعلان کے ساتھ ہی حکومتوں اور سیاسی جماعتوں کیلئے نمونۂ ضابطہ اخلاق فوری اثر کے ساتھ لاگو ہوجائے گا۔ اِس شیڈول کا اعلان چیف الیکشن کمشنر وی ایس سمپت، 2 الیکشن کمشنرس ایچ ایس برہما اور ایس این اے زیدی کے ساتھ پریس کانفرنس میں کریں گے۔ یہ کانفرنس اِس بار الیکشن کمیشن کے ہیڈکوارٹرس نرواچن بھون کی بجائے وگیان بھون میں منعقد کی جارہی ہے۔ نہایت معتبر ذرائع نے کہاکہ رائے دہی کی شروعات اپریل کے دوسرے ہفتہ سے متوقع ہے اور ہوسکتا ہے اِسے 6 تا 7 مراحل میں پھیلایا جائے گا جو اب تک کی طویل ترین مدت ہوگی۔ ذرائع نے کہا تھا کہ حکام کی کوشش فورسیس اور پولنگ کے ایام سے زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کرنا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع نے قبل ازیں نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا تھا کہ پولنگ کی شروعات کے لئے ممکنہ تواریخ 7 اور 10 اپریل کے درمیان ہوں گی۔ فی الحال منصوبہ یہ ہے کہ 81 کروڑ رائے دہندوں والا ووٹنگ کا عمل چھ تا سات مرحلوں میں رکھا جائے۔ 2009 ء کے چناؤ 5 مرحلوں میں 16 اپریل سے 13 مئی تک منعقد کئے گئے تھے۔ موجودہ لوک سبھا کی میعاد یکم جون کو ختم ہورہی ہے اور نیا ایوان 31 مئی تک تشکیل پانا ہوگا۔