لوک سبھا الیکشن کی مہم کا اختتام‘ کل آخری پولنگ

نئی دہلی ، 17 مئی (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات جو زائد از ایک ماہ تک پھیلا دیئے گئے، اس کے آخری مرحلے کیلئے مہم کا جمعہ کو اختتام ہوا۔ سرکردہ قائدین نے 59 نشستوں کیلئے مسابقت میں اپنی طاقت کا قطعی مظاہرہ پیش کرنے کی کوشش کی جبکہ وزیراعظم نریندر مودی اس مرحلے کے اہم امیدواروں میں شامل ہیں۔ ساتویں مرحلے میں اتوار کو پولنگ پنجاب کی تمام 13 نشستوں کیلئے ہوگی، اترپردیش میں بھی اتنی ہی سیٹوں کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے، مغربی بنگال کے نو، بہار اور مدھیہ پردیش کے آٹھ، آٹھ، اور بعض دیگر حلقوں میں بھی رائے دہی ہوگی۔ 19 مئی کو پولنگ کے چار روز بعد جمعرات 23 مئی کو ووٹوں کی گنتی کے ساتھ نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ صدر بی جے پی امیت شاہ نے دہلی میں پریس کانفرنس میں حکومت کے کاموں کو اُجاگر کیا۔ اگرچہ مودی اُن کے بازو میں موجود رہے اور ابتداء میں چند باتیں کہیں لیکن سوالات کے جواب نہیں دیئے۔ صدر کانگریس راہول گاندھی کی بھی پریس کانفرنس ہوئی جس میں بی جے پی اور حکومت کو ملک کے موجودہ حالات کیلئے ذمہ دار قرار دیا گیا۔