محمدسراج نظرانداز،ونڈیز کے خلاف آج پہلا ٹسٹ
راجکوٹ۔3 اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام) نوجوان بیٹسمین پرتھوی شا کو ویسٹ انڈیز کے خلاف جمعرات کو شروع ہونے والے پہلے کرکٹ ٹسٹ کے لئے ہندوستانی ٹیم میں کرئیر کے آغاز کا موقع دیا گیا ہے اور اسی کے ساتھ وہ ٹسٹ کیپ حاصل کرنے والے قومی ٹیم کے293 ویں کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین دو میچوں کی گھریلو ٹسٹ سیریز کے لئے اعلان کردہ12 رکنی ٹیم میں پرتھوی کو شامل کیا گیا ہے لیکن وہ اس ٹیم میں مینک اگروال اور ہنوما وہاری کو جگہ نہیں دے سکے ہیں۔ راجکوٹ اسٹیڈیم میں یہ مقابلہ جمعرات کو شروع ہوگا۔ پرتھوی ہندوستانی ٹسٹ میں کھیلنے والے293 ویں کھلاڑی بن بھی جائیں گے ۔ کوہلی ایشیا کپ میں آرام کے بعد پھر سے ٹیم میں شامل ہوں گے اور کپتانی سنبھالیں گے ۔ طویل عرصہ بعد ایسا ہوا ہے جب سلیکٹروں نے میچ سے ایک دن قبل ہی اپنی آخری منتخب ٹیم کا اعلان کیا ہو۔ ٹیم میں پانچ بیٹسمینوں اور ایک وکٹ کیپر کو شامل کیا گیا ہے ۔ راجکوٹ ٹسٹ کے لئے ٹیم کا اعلان کرنے کے بعد انتظامیہ صرف اس بات پر تذبذب میں ہوگی کہ تیسرے اسپنر کلدیپ یادو کو موقع دیا جائے یا تیسرے فاسٹ بولرکو قطعی 11 کھلاڑیوں میں شامل کیا جائے۔ اگر ہندوستان ایک زائد فاسٹ بولر کے ساتھ اترتا ہے تو شردل ٹھاکر کو بھی کرئیر کے آغاز موقع مل سکتا ہے ۔12 رکنی ٹیم میں اگرچہ مینک اور ہنما کو جگہ نہیں ملی ہے جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف تین وکٹ حاصل کئے تھے ۔ مینک کو اس سے پہلے انگلینڈ کے دورے کے آخری دو ٹسٹ میچوں میں پرتھوی پر ترجیح دی گئی تھی جبکہ اس بار شکھر دھون کی جگہ پرتھوی کو پہلا ٹسٹ میچ کھیلنے کا موقع دیا گیا ہے ۔ ممبئی کے18 سالہ پرتھوی نے14 فرسٹ کلاس کرکٹ میچوں میں56.72 کی اوسط سے1418 رن بنائے ہیں جس میں سات سنچریاں اور پانچ نصف سنچری شامل ہیں جبکہ انہوں نے ہندوستان اے کی جانب سے ویسٹ انڈیز کے خلاف188 رن کا اپنا سب سے بڑا اسکور بھی بنایا تھا۔نائب کپتان اجنکیا رہانے نے بھی پرتھوی کی کارکردگی کی تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ آئندہ سیریز میں پرتھوی اپنا فطری کھیل ہی کھیلیں۔ رہانے نے کہا، میں پرتھوی کے لئے بہت خوش ہوں۔ میں ممبئی کی ٹیم میں انہیں طویل عرصہ سے دیکھ رہا ہوں اور کئی مرتبہ ساتھ میں پریکٹس بھی کی ہے ۔ وہ جارحانہ بیٹسمین ہیں۔ راجکوٹ ٹسٹ کیلئے 12 رکنی ہندستانی ٹیم اس طرح ہے ۔ ویراٹ کوہلی (کپتان)، لوکیش راہول، پرتھوی شا، چتیشور پجارا، اجنکیا رہانے ، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، روی چندرن اشون، رویندر جڈیجہ، کلدیپ یادو، محمد سمیع، امیش یادو ، شاردل ٹھاکر۔حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر محمد سراج کے متعلق امید کی جارہی تھی کہ انہیں شاید ٹسٹ کرئیر کا موقع دیا جائے گا لیکن انہیں پہلے ٹسٹ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔