کانپور۔26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹسٹ تاریخ کے 500 ویں مقابلہ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 197 رنز کی کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ اس مقابلہ میں لوور آرڈر کا مظاہرہ نفسیاتی برتری رہا۔ ٹسٹ کرکٹ میں سب سے اہم لوور آرڈر کا مضبوط ہونا ہوتا ہے اور اس مقابلہ میں لوور آرڈر نے مجموعی اسکور میں کلیدی اضافہ کیا جبکہ بولروں نے بھی شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا۔ کوہلی کے بموجب انہوں نے خیال کیا تھا کہ دوسری اننگز میں 300 سے آس پاس نیوزی لینڈ کی ٹیم ہمیں آل آئوٹ کردے گی لیکن ہمیں بآسانی 340 تا 360 رنز بنانے کا موقع ملا۔ یہی 40 یا 50 رنز بیورونی دوروں پر اہمیت کے حامل ہوں گے۔ واضح رہے کہ اس مقابلہ میں رویندر جڈیجہ نے 42 اور 50 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلی جبکہ رویچندرن اشون نے بھی پہلی اننگز میں 40 رنز اسکور کئے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے بھی اس مقابلہ کو اپنی ٹیم کے لئے بہتر تجربہ قرار دیا اور کہا کہ مچل سینٹنر اور لیوک رونچی نے نصف سنچریاں اسکور کرنے کے علاوہ جس طرح عالمی معیار کے دو حریف اسپنر کا سامنا کیا وہ ٹیم کے مثبت نتیجہ ہے اور ان مظاہروں کو ہم سیریز کے ماباقی مقابلوں میں سودمند ثابت کردیں گے۔ دریں اثناء مقابلہ میں بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے والے جڈیجہ نے کہا کہ میں بیٹ اور بال سے بہتر مظاہرہ دینا چاہتا تھا اور خاص کر دلیپ ٹروفی میں بہترین مظاہروں نے میرے اعتماد کو مزید بلند کیا۔