سلہٹ (بنگلہ دیش)۔ 15 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ ہفتہ شروع ہونے والی تین مقابلوں کی ٹوئنٹی 20 سیریز کیلئے ویسٹ انڈیز ٹیم میں بیٹسمین ایون لوئس کی واپسی ہوئی ہے جیسا کہ 15 رکنی مہمان ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔ لوئیس نے اکتوبر میں سفید گیند کے معاہدے پر دستخط نہیں کیا تھا جس کی وجہ سے انہیں ہندوستان کے خلاف بھی اپنی ٹیم میں حالیہ دورہ سے باہر ہونا پڑا تھا۔ علاوہ ازیں بنگلہ دیش کے خلاف گزشتہ روز ختم ہوئی تین مقابلوں کی ونڈے سیریز میں بھی لوئس شامل نہیں تھے۔ ویسٹ انڈیز نے فاسٹ بولر کیسرک ولیم اور شیلڈن کاٹرل کو طلب کیا ہے جبکہ آل راؤنڈر کیرن پولارڈ اور فاسٹ بولر ابید مائیکو کو زخموں کی وجہ سے ٹیم میں شامل نہیں کیا ہے۔ نیکولا پورن، کیری پیری، فیبین ایلن اور اوشین تھامس بھی ٹوئنٹی 20 ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے جیسا کہ یہ کھلاڑی ہندوستان میں بھی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹوئنٹی 20 سیریز کا پہلا مقابلہ پیر کو کھیلا جائے گا جس کے بعد ڈھاکہ میں 20 اور 20 ڈسمبر کو سیریز کے دو مقابلے کھیلے جائیں گے۔ معلنہ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ کارلوس بریتھ ویٹ (کپتان)، ڈیرن براوؤ، شمرون ہٹمائر، فیبین ایلن، کیسرک ولیمس، کیموپال، کیری پیری، ایون لیوس، نیکولاس پورن، رومن پاویل ، دنیش رامدین، شائی ہوپ، شرفین روتھر فوٹ، شیلڈن کاٹرل اور اوشین تھامس۔