لنگیویج پنڈت ٹریننگ کالجوں کو ہنوز منظوریاں نہیں ملی

حیدرآباد /4 جون ( سیاست نیوز ) ریاست تلنگانہ میں لینگویج پنڈت کورسیس میں داخلوں کیلئے منعقد کیا جانے والا ایل پی سیٹ اس سال بھی منعقد ہونے کی کوئی امید نہیں ہے ۔ کیونکہ ریاست میں پائے جانے والے لنگویج پنڈت ٹریننگ کالجوں کو نیشنل کونسل آف ٹیچرس ایجوکیشن ( این سی ٹی ای ) سے اب تک کوئی منظوریاں حاصل نہیں ہوئیں ۔ لہذا ایل پی سیٹ منعقد نہ کئے جانے کی اہم وجہ یہی بتائی جاتی ہے ۔ اور گذشتہ سال بھی اسی وجہ سے ایل پی سیٹ ( لنگویج پنڈت کامن انٹرنس ٹسٹ ) کا انعقاد عمل میں نہیں لایا گیا تھا ۔ لیکن گذشتہ سال ہائی کورٹ احکامات کی روشنی میں لنگویج پنڈت کورسیس کیلئے داخلہ ٹسٹ عہدیداروں کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا ۔ لیکن نیشنل کونسل فار ٹیچرس ایجوکیشن ( این سی ٹی ای ) کی جانب سے کالجوں کو اجازت نہ دئے جانے کی وجہ سے کونسلنگ کا عمل انجام نہیں دیا گیا ہے ۔ اس طرح ایک سال گذر جانے کے باوجود لنگویج پنڈت کورسیس میں داخلوں کے تعلق سے عہدیداران متعلقہ کچھ بھی تفصیلات بتانے سے احتراز کر رہے ہیں ۔ لہذا اس صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس سال بھی ایل پی سیٹ منعقد کئے جانے کا کوئی امکان نہیں پایا جاتا ہے ۔