لنگم پیٹ میں آتشزدگی کا واقعہ پانچ جھونپڑیاں خاکستر، چار لاکھ 50 ہزار روپئے کا نقصان

یلاریڈی /29 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منڈل لنگم پیٹ کے رام پلی کونا تانڈہ علاقہ میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ میں پانچ رہائشی جھونپڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں، جس کی وجہ سے پانچ خاندان بے گھر ہو گئے۔ اس حادثہ میں دھان کا ذخیرہ بھی خاکستر ہوگیا۔ ریونیو انسپکٹر گنیش کے بموجب اس حادثہ میں تقریبا چار لاکھ 50 ہزار کا نقصان ہوا ہے۔ مقامی افراد کے بموجب ان جھونپڑیوں میں یکایک آگ بھڑک اٹھی، جس سے کشن، دیوی سنگھ، بالیا، رتن اور روی کی جھونپڑیاں جل گئیں۔ کشن نے بتایا کہ اس حادثہ ہمارا آدھا تولہ سونا، 15 تولہ چاندی، دس ہزار روپئے نقد اور دھان جل کر خاکستر ہو گئے۔ اسی طری دیوی سنگھ کا دو تولہ سونا 50 تولہ چاندی، تین کنٹل مکئی اور چاول مکمل طورپر جل گئے۔ بالیا کے پانچ ہزار روپئے نقد، چاول، مکئی اور پٹہ پاس بکس کے علاوہ گھریلو سامان جل کر خاکستر ہوئے۔ روی نے بتایا کہ ہمارا ایک تولہ سونا، 30 تولہ چاندی، جوار، چاول اور گھریلو سامان آگ کی نذر ہو گئے۔ یلاریڈی فائر بریگیڈ نے مقام حادثہ پر پہنچ کر آگ بجھائی۔ منڈل ریونیو انسپکٹر گنیش نے پنچ نامہ کیا اور نقصان کا اندازہ لگایا۔ متاثرہ خاندانوں نے حکومت سے امداد کی اپیل کی ہے۔