لنگم پیٹ میں آتشزدگی واقعہ ، کوئی جانی نقصان نہیں

ایک محو خواب خاندان کو بچا لیا گیا ، 8 لاکھ روپئے کی ملکیت کا نقصان کا اندازہ

یلاریڈی۔ 25 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منڈل لنگم پیٹ مستقر پر رات کو پیش آئے آتشزدگی حادثہ میں بھاری نقصان ہوا۔ رات دیر گئے تقریباً 2 بجے کے وقت یلاریڈی کے کے وانی سڑک کے کنارے ہی منڈل مستقر سے تعلق رکھنے والا محمد غوث کا مکان ہے جس میں شارٹ سرکٹ سے ایک دم آگ بھڑک اٹھی اور اطراف کے لوگ جمع ہونے تک یہ آگ پھیل گئی ۔ مکان میں موجود غوث اور اس کے افراد خاندان والوں نے اپنی جان بچاکر بھاگ نکلنے میں کامیاب رہے اور فوری یلاریڈی فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی۔ فائر بریگیڈ نے آکر آگ بجھانے کی کوشش کی۔ آگ خطرناک طریقہ سے بھڑک اٹھی تھی جس سے فائر بریگیڈ عملہ کو خاص مشقت اٹھانی پڑی تب کہیں جاکر آگ پر قابو پایا جاسکا۔ مکان کے پیچھے کے حصہ میں محو خواب افراد خاندان کو باہر لایا گیا۔ اچھا یہ ہوا کہ گیاس سلنڈر پھٹ نہ پڑا، ورنہ کثرت سے جانی نقصان ہوتا۔ اس حادثہ میں مکان میں رکھی نقد رقم 20 ہزار روپئے، 3 تولہ سونا، ٹی وی، قیمتی فرنیچر، سامان وغیرہ جل کر خاکستر ہوا۔ پرانا سامان بھی 2 لاکھ روپئے کا جل کر تباہ ہوگیا۔ آر سی سی کا مکان کو کافی نقصان ہوا جو اندازہ 3 لاکھ 50 ہزار روپئے کا بتایا گیا۔ جملہ 8 لاکھ روپئے کا نقصان کا اندازہ ہے۔ اس حادثہ کے بعد یہ خاندان بھاری نقصان سے متاثر ہوا ہے جنہیں سرکاری امداد کی شدید ضرورت ہے۔