لنگر حوض قتل مقدمہ کے چھ ملزمین گرفتار

میکانک کو سارق سمجھ کر نشانہ بنانے کا برا انجام ، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /28 جون (سیاست نیوز) لنگر حوض کے علاقے نیتاجی نگر میں لاری پارکنگ میں پیش آئے میکانک اجئے سنگھ کے قتل کیس میں ملوث 6 ملزمین کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے اس قتل میں ملوث پارکنگ لارٹ کے سوپر وائزر عبدالشکور اور اس کے ساتھیوں محمد حسین ، محمد عبدالسعید ، محمد الطاف ، محمد شفیع الدین اور محمد سجاد علی کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ /22 جون کو 26 سالہ اجئے سنگھ ساکن رام سنگھ پورہ کاروان جو پیشہ سے میکانک تھا لنگر حوض میں واقع نیتاجی نگر لاری پارکنگ میں پہونچا تھا ۔ مذکورہ افراد نے اسے لاریوں کی بیاٹری اور اسپیر پارٹس کا سارق ہونے کا شبہ کرتے ہوئے اسے لاٹھیوں اور آہنی سلاخوں سے مبینہ شدید زدوکوب کیا جس میں وہ شدید زخمی ہوگیا ۔ پولیس نے کہا کہ مذکورہ ملزمین نے میکانک اجئے سنگھ کو شدید زدوکوب کرنے کے بعد اسے لاری سے باندھ دیا تھا اور تمام ملزمین فرار ہوگئے ۔ اجئے سنگھ کو بے ہوشی کی حالت میں دیکھ کر پولیس نے اسے دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا جہاں پر وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ مذکورہ ملزمین نے میکانک کا قتل کرنے کے بعد منگل گری کرناٹک فرار ہوگئے تھے لیکن ٹاسک فورس پولیس نے ان کا پتہ لگاکر انہیں گرفتار کرلیا اور حیدرآباد منتقل کیا ۔ تفتیش میں ملزمین نے بتایا کہ وہ اجئے سنگھ کو سارق سمجھتے تھے جس کے نتیجہ میں اسے شدید زدوکوب کیا ہے ۔