لندن ۔5 جون (سیاست ڈاٹ کام ) لندن میں ہونے والے دہشت گردی کے حالیہ حملوں کے بعد آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں شریک غیر ٹیموں کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کا اظہار کیا گیا ہے جس پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے یقین دہانی کروائی ہے کہ میزبان ملک کے متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر میگا ایونٹ کو محفوظ بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا ئیں گے۔ آئی سی سی نے کہا ہے کہ نا صرف چیمپئنز ٹرافی بلکہ آئندہ دنوں ہونے والے ویمنز ورلڈ کپ کی تمام ٹیموں کیلئے بھی حفاظت کو یقینی بنانے پرکام کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق حالیہ واقعے کے بعد تمام ٹیم ہوٹلز کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے جبکہ ٹیموں ، میچ آفیشلز اور دیگر اسٹاف کی حفاظت کیلئے بھی فوری اقدامات کئے گئے ہیں۔ انگلش سیکیورٹی حکام نے کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور دیگر اسٹاف کو غیر ضروری طور پر ہوٹل سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت دی ہے۔ واضح رہے کہ دو ہفتوں کے دوران لندن میں دو بڑے دہشت گرد حملوں کے بعد بعض کرکٹ بورڈز نے اپنے کھلاڑیوں کی حفاظت کے معاملے پر گہری تشویش کااظہار کیا ہے۔ذرائع کے مطابق جن ٹیموں نے سیکیورٹی خدشات ظاہر کئے ہیں، ان میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں شامل ہیں۔ آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے لندن میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ساتھی کھلاڑیوں کو دہشت گرد حملوں کے بعد اپنی سیکیورٹی کی فکر لاحق تھی جس پر انہیں متعلقہ حکام اور اپنی سیکیورٹی ٹیم کی جانب سے مکمل حفاظت کی یقین دہانی کروائی گئی ہے جس کے بعد کھلاڑیوں کو چیمپئنز ٹرافی میں کسی قسم کے سیکیورٹی خدشات نہیں ہیں اور لندن دہشت گردی سے متاثر ہونے والوں سے انہیں اور دیگر کھلاڑیوں کو دلی ہمدردی ہے۔ اس موقع پر اسٹیون اسمتھ نے کرکٹ آسٹریلیا کا جاری کردہ بیان پڑھتے ہوئے کہا کہ بورڈ کھلاڑیوں کو فراہم کی گئی سیکیورٹی سے پوری طرح مطمئن ہے۔واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں شامل آٹھ ٹیموں میں سے تین ٹیمیں لندن میں موجود ہیں جن میں آسٹریلیا کی ٹیم بھی شامل ہے ۔کرکٹ آسٹریلیا کے بیان میں کہا گیا ہے کہ لندن میں دو ہفتوں کے دوران دہشت گردی کے جو بھی واقعات ہوئے ، اس پر افسردہ ہیں اور متاثرین کیلئے دعا کرتے ہیں۔