نئی دہلی 28 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) کرکٹ اسوسی ایشن آف بہار کے صدر آدتیہ ورما نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے کہا ہے کہ وہ آئی پی ایل کے سابق متنازعہ کمشنر للت مودی کی جانب سے کئے گئے اس دعوی پر وضاحت کریں کہ دو معروف ہندوستانی اور ایک ویسٹ انڈین کرکٹر کو ہندوستان میں رئیل اسٹیٹ کے ایک تاجر نے بھاری رشوت دی تھی ۔ لندن میں مقیم للت مودی نے کل ایک مکتوب ٹوئیٹ کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے آئی سی سی کے سی ای او ڈیو رچرڈسن کو جون 2013 میں مطلع کیا تھا کہ کچھ کرکٹرس کو رشوت دی گئی ہے ۔ انہوں نے یہ اطلاع اسی وقت دیدی تھی ۔ ورما نے کہا کہ آئی سی سی کو چاہئے کہ وہ اس پر وضاحت کرے کیونکہ اب آئی سی سی کا وقار اور امیج دباؤ پر آگیا ہے ۔ آدتیہ ورما نے مسٹر رچرڈسن سے کہا ہے کہ للت مودی کا ادعا ہے کہ انہوں نے 2013 میں ہی اس رشوت معاملہ سے آئی سی سی کو مطلع کردیا ہے جس میں تین کرکٹرس ملوث ہیں۔ یہ بہت ہی سنگین الزام ہے ۔ سارا کرکٹ دنیا یہ جاننا چاہتی ہے کہ آئی سی سی نے اس کے بعد کیا کیا تھا ۔ اس پر آئی سی سی کو ضاحت کرنے کی ضرورت ہے ۔ آدتیہ ورما نے رچرڈسن کو روانہ کردہ مکتوب میں کہا کہ اس سلسلہ میں وضاحت کرنا ان کی ذمہ داری ہے اور انہیں جلد جواب دینا چاہئے ۔