للت مودی کی مدد، وزیر اعظم کے علم اور مرضی سے کی گئی، غلام نبی آزاد کا الزام

نئی دہلی /19 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر اپنی تنقید کو ایک نئی سطح تک پہنچا دیا، جب کہ اس کے راجیہ سبھا پارلیمانی پارٹی کے قائد غلام نبی آزاد نے کہا کہ سابق آئی پی ایل سربراہ داغدار للت مودی کے بیرون ملک قیام اور تحقیقاتی اداروں سے فرار کی کوشش میں مدد وزیر اعظم کی مرضی اور علم کے ساتھ کی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان کے خیال میں بی جے پی کی راجے اور سوراج کی تائید وزیر اعظم کی ہمالیائی غلطی کی پردہ پوشی کے لئے ہے، لیکن انھیں اس کی بھاری قیمت چکانی ہوگی۔ نفاذ قانون محکمہ وزیر اعظم کے علم اور مرضی سے کی ہوئی کارروائی کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ وہ بی جے پی کی جانب سے سوراج اور راجے کے دفاع کے بارے میں سوال کا جواب دے رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ اگر ایسا نہ ہوتا، جیسا کہ انھوں نے کہا ہے تو ان دونوں قائدین کے خلاف اب تک کارروائی ہوچکی ہوتی۔