نئی دہلی۔2جنوری( سیاست ڈاٹ کام ) بی سی سی آئی آج سپریم کورٹ سے رجوع ہوئی ہے تاکہ آئی پی ایل کے سابق چیرمین للت مودی کو راجستھان کرکٹ اسوسی ایشن (آر سی اے ) کا صدر بننے سے روکا جائے ۔ 19ڈسمبر کو آر سی اے کے انتخابات منعقد ہوئے ہیں اور امید کی جارہی ہے کہ للت مودی کا گروپ ان انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گا ۔ کیونکہ آئندہ ہفتہ عدالت کا فیصلہ متوقع ہے ۔ بی سی سی آئی کی جانب سے سپریم کورٹ میں جو درخواست داخل کی گئی ہے اس میں کہا گیا ہے کہ مودی کا آر سی اے سے جڑنا کرکٹ بورڈ کی ساکھ کو متاثر کرے گا ۔ علاوہ ازیں اس درخواست میں کہا گیا ہے کہ مودی کی نامزدگی بھی شرائط کی خلاف ورزی ہے کیونکہ آر سی اے نے بی سی سی آئی کے اعتراض کو نظرانداز کردیا تھا جس میں بی سی سی آئی نے مودی کی نامزدگی پر اعتراض کیا ۔ سپریم کورٹ اس مقدمہ کی سنوائی 6جنوری کو کرے گی ۔ ستمبر 2013ء میں بی سی سی آئی نے مالیاتی خردبُرد کے بعد آئی پی ایل کے اُس وقت کے کمشنر للت مودی پر تاحیات پابندی عائدکردی تھی لیکن وہ فی الحال آر سی اے کے انتخابات میں حصہ لے چکے ہیں ۔
آسٹریلیا ۔انگلینڈ آج پانچویں ٹسٹ کا آغاز
سڈنی ۔2جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشیز کا آخری اور پانچواں ٹسٹ کل سڈنی شروع ہورہا ہے جہاں آسٹریلیائی ٹیم سیریز میں 5-0کی کامیابی کی خواہاں ہے ۔دوسری جانب الیسٹر کُک کی زیر قیادت انگلش ٹیم سیریز میں وائیٹ واش سے خود کو محفوظ رکھنے کیلئے کوشاں ہوگی۔ کل یہاںکھیلے جانے والے مقابلے کے ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے کہا کہ میزبان ٹیم نے ابتدائی چار مقابلوں میں شاندار مظاہرہ کیا ہے جس سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ کل یہاں شروع ہونے والے پانچویں مقابلے میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز میں 5-0 کا نتیجہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ دریں اثناء آسٹریلیائی ٹیم کے فاسٹ بولر پیٹر سیڈل نے آخری مقابلہ کے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ساتھی کھلاڑی سیریز میں مکمل صفائے کے خواہاں ہے لیکن وہ اس حقیقت سے بھی بخوبی واقف ہیں کہ اس کارنامہ کیلئے کھلاڑیوں کو آخری مقابلے کے تمام شعبوں میں بہتر مظاہرہ پھر ایک مرتبہ کرنا ہوگا ۔ پیٹرسیڈل نے مزید کہا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ کل سڈنی میں کھیلے جانے والے مقابلے میں بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کیلئے کلیدی رول ادا کرے ۔ علاوہ ازیں انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان الیسٹر کُک نے آخری مقابلہ میں ٹیم میں ایک سے زائد تبدیلیوںکا اشارہ دیتے ہوئے کہاہے کہ ٹیم گذشتہ کئی ماہ سے مستقل کھلاڑیوں کی بہتر مظاہروں کی بدولت فتوحات حاصل کررہی تھی تاہم حالیہ دنوںمیں کھلاڑیوں کے مظاہروں میں استقلال کا فقدان ہے ۔