بیروت ، 2 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) شامی دستوں نے حزب اللہ کے جنگجوؤں کی تائید و حمایت کے ساتھ اسلامک اسٹیٹ اور ال نصریٰ فرنٹ گروپوں سے تعلق رکھنے والے کم از کم 50 جہادیوں کو لبنان سے متصل سرحد کے قریب ہلاک کردیا ہے، ایک نگران ادارہ نے آج یہ بات کہی۔ ’سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس‘ نے کہا کہ یہ جھڑپیں سرحدی علاقہ قلامون میں کل رات بھر اور آج ہفتہ کی صبح تک چلتی رہیں۔ مہلوکین میں کم از کم سات موافق حکومت جنگجو تھے، جن میں سرکاری سپاہی اور حزب اللہ کے ارکان شامل ہیں۔ حزب اللہ لبنانی عسکری گروپ ہے جو شام کے صدر بشار الاسد کی حمایت کرتا ہے۔ حکومتی افواج نے اپریل میں قلامون خطہ کے زیادہ تر حصہ پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرلیا تھا، جہاں سے کئی باغی جنگجو فرار پیچھے ہٹ گئے یا لبنان میں فرار ہوگئے۔