لبنان میں31 فلسطینیوں کو سزائے موت کا حکم

بیروت، 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) لبنان کی ایک فوجداری عدالت نے ملک میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں اکتیس مشتبہ فلسطینیوں کو قصوروار قرار دے کر ان کی عدم موجودگی میں موت کی سزا سنائی ہے۔ عرب ٹی وی رپورٹ کے مطابق لبنان میں عسکریت پسندی میں ملوث فلسطینیوں کے خلاف مقدمہ بیروت کی فوجداری عدالت میں چلایا گیا ہے اور عدالت کے فاضل جج فادی صوان نے جمعرات کو دہشت گردی کی کارروائیوں کے الزامات ثابت ہونے پر اکتیس افراد کو موت کی سزا کا حکم دیا ہے۔

عدالت کے فیصلے کے مطابق سزا پانے والے تمام ملزمان کا تعلق القاعدہ کی ایک ذیلی تنظیم عبداللہ عزام بریگیڈ سے بتایا گیا ہے۔ ملزمان ملک میں خونریزی کے علاوہ لوٹ مار کی کارروائیوں میں بھی ملوث پائے گئے ہیں۔ انھوں نے گذشتہ برس سات اپریل کو بیروت میں المیہ ومیہ فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں دہشت گردی کی ایک کارروائی کے دوران آٹھ افراد کو ہلاک اور نو کو زخمی کر دیا تھا۔ عدالت نے تمام مفرور ملزمان کے فوری وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انھیں عدالت میں پیش کرنے کے بھی احکامات جاری کئے۔ دریں اثناء جنوبی لبنان میں ’المیہ ومیہ‘ پناہ گزین کیمپ سے تعلق رکھنے والے ایک فلسطینی ذریعے نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے لبنانی عدالت کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔